قوم افراتفری پھیلانے والوں کو نظر انداز کرے، صدر

اپ ڈیٹ 22 اگست 2014
صدر پاکستان ممنون حسین—۔فائل فوٹو
صدر پاکستان ممنون حسین—۔فائل فوٹو

اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ قوم افراتفری پھیلانے والوں کو نظر انداز کردے۔

ڈان نیوز کے مطابق نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلمپنٹ کے وفد سے ملاقات کے دوران صدرمملکت ممنون حسین نے کہا کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اورقوم کو چاہیے کہ وہ افراتفری پھیلانے والوں کو نظراندازکردے۔

یاد رہے کہ دارلحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی جانب سے دھرنے دیئے جا رہے ہیں۔

صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ آپس کی چھوٹی چھوٹی رنجشوں کی وجہ سے قومی ترقی کا عمل نہ روکا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مخلص دوستوں کے تعاون سے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا عمل شروع ہوچکاہے اوراگر ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کا یہ موقع ضائع ہوگیا تو پاکستان کا سنبھلنا مشکل ہوجائے گا۔

صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ عالمی برادری سمجھتی ہے کہ پاکستان کی موجودہ قیادت ملک کو ترقی اور استحکام کی طرف لے جائے گی۔

اس موقع پر صدر کو نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈیولپمنٹ کی سالانہ رپورٹ برائے 2013 بھی پیش کی گئی ، جس میں گزشتہ سال کی سرگرمیوں ، پروجیکٹس اور کامیابیوں کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں