عمران خان سیاسی خودکشی کے راستے گامزن ہیں، شہباز شریف

اپ ڈیٹ 22 اگست 2014
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف—۔فائل فوٹو
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف—۔فائل فوٹو

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے غیر آئینی مطالبات انہیں سیاسی خودکشی کے راستے پر لے جائیں گے۔

عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کی جانب سے 14 اگست سے حکومت مخالف تحریک جاری ہے اور ان کے کارکنان کی کثیر تعداد دارلحکومت کے ریڈ زون میں واقع شاہرہ دستور پر دھرنا دیئے بیٹھی ہے۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ گزشتہ سال ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلی اور ماڈل ٹاؤن واقعے کی تحقیقات کی جائیں تاہم اس سے پہلے وزیراعظم نواز شریف اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں اراکین اسمبلی سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان شارع دستور پر دستور کی دھجیاں بکھیرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نو بال پر آؤٹ چاہتے ہیں لیکن ایسا ہر گز نہیں ہو گا۔

1992 میں کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے قائد عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان اچھے سیاستدان تو کیا اچھے اسپورٹس مین بھی ثابت نہیں ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت معاملات کو حل کرنے کے لیے نیک نیتی سے کوشاں ہے اور تمام مسائل کا حل بامقصد گفت وشنید کے ذریعے ہونا چاہیٔے۔ حکومت نے ہر قدم پر صبروتحمل کا مظاہرہ کیا اور آئندہ بھی کرے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کو عوام کی بھرپور تائید حاصل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں