کوئٹہ: بلوچستان میں پاک افغان سرحد پر افغان سے آنے والے 70 سے زائد مبینہ دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے جس میں ایک پاکستانی سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔

نمائندہ ڈان نیوز نے عسکری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حملے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والے ایف سی اہلکار کا نام نائیک نیاز ہے۔

فرنٹیئر کور کے ترجمان خان واسع نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ستر سے زائد دہشت گرد اور اسمگلر پاکستانی سرحد بلوچستان کے ضلع سیف اللہ میں داخل ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ایف سی نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو واپس افغانستان بھاگنے پر مجبور کر دیا۔

ترجمان نے بتایا کہ مزید نیم فوجی دستوں کو صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے سرحد پر بھیجا گیا ہے۔

واسع نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں کئی دہشت گرد اور اسمگلر زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ زخمی دہشت گردوں کو ان کے ساتھی افغانستان لے گئے۔

خان واسع نے کہا کہ تمام دہشت گردوں کو سیکورٹی فورسز نے واپس دھکیل دیا۔

سرحد پر تین گھنٹے سے زائد جاری لڑائی میں کچھ ایف سی اہکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

حملے کی فوری طور پر کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ واقعہ تین ماہ قبل افغان فورسز کے ہاتھوں ضلع ژوب کے ساتھ قمرالدین کاریز کے قریب چرواہوں کی ہلاکت کے بعد پیش آیا ہے۔

دفتر خارجہ نے سرحدی خلاف ورزی پر افغان حکام سے احتجاج کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں