ہمبنٹوٹا: ایک روزہ کرکٹ کے عالمی کپ سے صرف چھ ماہ قبل پاکستان اور سری لنکا ہفتے کو 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آمنے سامنے نظر آئیں گی۔

پاکستان جو 1992 کے ورلڈ کپ کا فاتح ہے، ٹیسٹ سیریز میں اپنی 0-2 سے شکست کا بدلہ لینے کے لیے میدان میں اترے گا۔

اس میچ کے لیے پاکستان کے پاس اس کے ٹاپ بولر سعید اجمل نہیں ہوں گے، جو کل ہی اپنے بولنگ ایکشن کی جانچ کے لیے آسٹریلیا روانہ ہو رہے ہیں۔

ٹیم مینیجر معین خان نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے بتایا، کہ وہ کوشش کریں گے کہ سعید اجمل 27 اگست کو ہونے والے میچ کے لیے کولمبو واپس پہنچ سکیں۔

دوسری جانب مصباح الحق ٹیسٹ میں وائٹ واش کے بعد ون ڈے میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پر امید ہیں۔

"یہ ایک مختلف فارمیٹ ہے، اور ہم اس میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کر سکتے ہیں"۔

پاکستان نے سری لنکا کو گزشتہ دسمبر امارات میں ہونے والی ون ڈے سیریز میں 2-3 سے شکست دی تھی۔

پاکستان کے پاس شاہد آفریدی اور سابق کپتان محمّد حفیظ کو ملا کر ون ڈے فارمیٹ کے کل آٹھ ماہر کھلاڑی ہیں۔ جبکہ دنیائے کرکٹ کے طویل قامت بولروں میں سے ایک محمّد عرفان بھی اسکواڈ کا حصّہ ہیں۔

سری لنکن ٹیم جس نے 1996 کے ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کی تھی، اب رواں سال ایشیا کپ اور ٹی-20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد انجیلو متھیوز کی قیادت میں کامیابی کے لیے پر امید ہے۔

سری لنکن کپتان نے کہا کہ ان کا حالیہ ریکارڈ کافی اچھا رہا ہے، اور وہ کوشش کریں گے کہ اسی کارکردگی کو برقرار رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ون ڈے سیریز میں پاکستانی ٹیم ان کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے، اور اسے ہرانے کے لیے ہمیں بہت ہی اچھے کھیل کا مظاہرہ کرنا پڑے گا۔

مہیلا جے وردھنے، جو رواں ہفتے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں، کمار سنگاکارا، اور تلکرتنے دلشان، تینوں ہی سری لنکن ٹیم کے مضبوط بلے باز ہیں، اور اسکواڈ میں شامل ہیں۔

جبکہ سری لنکن بولر سچترا سینے نیاکے جون میں امپائرز کی جانب سے بولنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے بعد ٹیم کا حصّہ نہیں ہوں گے۔

دوسرا میچ کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں 27 اگست کو، اور تیسرا میچ دمبولا میں 30 اگست کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان: مصباح الحق (کپتان)، احمد شہزاد، شرجیل خان، محمّد حفیظ، یونس خان، عمر اکمل، فواد عالم، شعیب مقصود، شاہد آفریدی، انور علی، سعید اجمل، جنید خان، محمّد طلحہ، وہاب ریاض، ذوالفقار بابر، محمّد عرفان۔

سری لنکا: انجیلو متھیوز (کپتان)، تلکرتنے دلشان، اپل تھرنگا، کمار سنگاکارا، مہیلا جے وردھنے، دنیش چندیمل، اشان پرینجن، لہیرو تھریمننے، تھسارا پیریرا، لستھ ملنگا، نون کلاسیکارا، دھمیکا پراساد، رنگانا ہیراتھ، سیکوگے پراسانا، سورج راندیو۔

تبصرے (0) بند ہیں