پہلا ون ڈے: پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

اپ ڈیٹ 23 اگست 2014
محمد حفیظ کمار سنگاکارا کو آؤٹ کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں — فوٹو اے ایف پی
محمد حفیظ کمار سنگاکارا کو آؤٹ کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں — فوٹو اے ایف پی

ہمبن ٹوٹا: پاکستان نے سری لنکا کو سنسی خیز مقابلے بعد پہلے ون ڈے میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے دی ہے

سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 276 رنز کا ہدف دیا تھا.

پاکستان کی جانب سے اوپنر احمد شہزاد نے 60 گیندوں پر 49 رنز بنائے، جس کے بعد وہ پریرا کی گیند پر آوٹ ہوگئے جبکہ اوپنر سابق کپتان محمّد حفیظ نے 23 گیندوں پر 21 رنز بنائے۔

سینئر بلے باز یونس خان 8 گیندوں پر صرف 2 رنز بنا پائے اور متھیوز کی گیند پر کلاسیکرا کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔

کپتان مصباح الحق 22 گیندوں پر 13 رنز بنا کر رنگنا ہیراتھ کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔

ایسے وقت میں جب پاکستان کی ٹیم انتہائی مشکلات کا شکار دکھائی دے رہی تھی، تب فواد عالم اور شعیب مقصود کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے پاکستان کو سہارا دیا۔

فواد عالم 61 گیندوں پر 62 رنز بنا کر آئوٹ ہو ئے۔

شعیب مقصود 73 گیندوں پر 89 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے.

شاہد آفریدی 7 گیندوں پر 10 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو جیتنے کے لیے 276 رنز کا ہدف دیا تھا ۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

سری لنکن ٹیم نے 45 اوورس میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے اوپنر اپل تھرنگا اور تلکرتنے دلشان کوئی مضبوط پارٹنرشپ قائم نہ کرسکے، اور بالترتیب 18 اور 6 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔

ان کے بعد سری لنکا کے سٹار بلے باز کمار سنگاکارا نے ٹیم کی بیٹنگ لائن کو سہارا دینے کی کوشش کی، لیکن ناکام رہے اور 40 گیندوں پر 25 رنز بنا کر محمّد حفیظ کی بال پر کیچ آوٹ ہوگئے۔

بلے باز مہیلا جے وردھنے، جو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں، نے 66 گیندوں پر 63 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعی سکور میں خاطر خواہ اضافہ کیا، تاہم وہ سنچری مکمّل نہ کر سکے، اور جلد ہی عمر اکمل کے ہاتھوں رن آوٹ ہوگئے۔

سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ سکور کپتان انجیلو متھیوز نے کیا، جنہوں نے 85 گیندوں پر 89 رنز بنائے۔

اس طرح سری لنکا کی پوری ٹیم 45 اوورز میں کل 275 رنز بنا پائی۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 50 رنز دے کر 3، محمّد عرفان نے 48 رنز دے کر 2، جبکہ محمّد حفیظ نے 32 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

گراؤنڈ گیلا ہونے کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا۔

پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستانی ٹیم میں محمد حفیظ، احمد شہزاد، یونس خان، مصباح الحق، فواد عالم، عمر اکمل، صہیب مقصود، شاہد آفریدی، وہاب ریاض، جنید خان اور محمد عرفان کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل سری لنکا کے خلاف پہلا ون ڈے نہیں کھیل پائیں گے، کیوںکہ اس وقت وہ اپنے بالنگ ایکشن کی جانچ کےلیے آسڑیلیا میں موجود ہیں۔

سعید اجمل 26 اگست کو آسٹر یلیا سے واپسی پر ٹیم کو جوائن کریں گے۔

مصباح الحق نے اس موقع پر کہا ہے کہ محمد عرفان کی ٹیم میں شمولیت سے بولنگ مضبوط ہوگی، تاہم سعید اجمل کا پہلا ون ڈے نہ کھیلنا افسوسناک ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں