اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے ہر رکن پارلیمنٹ جنہوں نے اپنے استعفے جمع کرادیئے ہیں، کو قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کی جانب سے ایک خط اور ایک ٹیلیفون کا انتظار کرنا پڑے گا۔

جمعے کو ڈان سے بات کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین کے استعفے عجلت میں قبول نہیں کیے جائیں گے اور اس حوالے سے باضابطہ طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا "میں پہلے پی ٹی آئی کے ہر رکن کو الگ الگ خط لکھ کر ان کے استعفے کے ارادے کی تصدیق کروں گا، جس کے بعد ہر ایم این اے کو ایک فون کے ذریعے کہا جائے گا کہ وہ اپنے مستعفی ہونے کے اعلان سے متعلق ایک دستاویز پر دستخط کریں گے، اس کے بعد ہی ان استعفوں کو قبول کیا جائے گا"۔

ایاز صادق کا کہنا تھا "اس طریقہ کار میں وقت لگے گا ممکنہ طور پر دو ہفتے بعد ہی ان پر کارروائی مکمل ہوسکے گی"۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اراکین نماز جمعہ کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ استعفے جمع کرانے آئے تھے اس وقت وہ اور ان کے سیکرٹری وہاں موجود نہیں تھے۔

اسپیکر نے مزید بتایا "تاہم میں نے شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفون پر بات کرکے انہیں بتایا کہ وہ اپنے استعفے قومی اسمبلی سیکریٹری کو دے دیں، جنہیں اس مقصد کے لیے ہنگامی طور پر اسپیکر آفس میں طلب کیا گیا تھا"۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں