مدت پوری کرنا پارلیمنٹ کا حق ہے، آصف زرداری

23 اگست 2014
سابق صدر آصف علی زرداری۔۔۔ فائل فوٹو
سابق صدر آصف علی زرداری۔۔۔ فائل فوٹو

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا حق ہے کہ وہ اپنی مدت پوری کرے، عمران خان اور طاہر القادری کی رنجشیں مذاکرات سے دور کی جا سکتی ہیں، سیاست دان مل کر اس معاملے کا حل نکال سکتے ہیں۔

لاہور ائر پورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی حالت میں جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے، پارلیمنٹ کا حق ہے کہ وہ اپنی مدت پوری کرے۔

پی پی پی کے کو چئیرمین نے ملک میں جاری سیاسی صورتحال پر کہا کہ سازشیں کرنا سیاست میں ایک حصہ ہے، دنیا میں کوئی ایسی سیاسی جماعت نہیں جہاں سازش نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی حزب اختلاف میں ہے اور اپوزیشن کا کردار ادا کرے گے البتہ بد تمیزی کی زبان استعمال نہیں کریں گے تاکہ ہماری نسلیں مثبت روایت سیکھیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ امانت ہے، میں نے بحیثیت صدر بغیر مطالبات کے پارلیمنٹ کو اختیارات دئیے، کسی نے بھی پارلیمنٹ کو بااختیار کرنے کی تحریک نہیں چلائی تھی بلکہ میں نے خود یہ اختیارات منتقل کی تھیں۔

انہوں نے نواز شریف سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات میں ان کو صبر اور تحمل کا مشورہ دیا اور معاملات سیاسی طور پر حل کرنے پر زور دیا ہے۔

تحریک انصاف کے چھ مطالبات پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کے مطالبات پر مذاکرات کیے جا سکتے ہیں، اس وقت فوج کے ساتھ کھڑے ہونے اور طالبان کے خلاف جنگ اپنی افواج کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں بہت سارے مسائل آئے جس کو سیاسی انداز میں حل کیا گیا۔

آصف زرداری اپنی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے کہا کہ میں نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور مسلم لیگ ق کے رہنمائوں سے ملاقات کی اور ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین، جے یو آئی کے امیر فضل الرحمن اور دیگر سے رابطے کرکے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کی ہے۔

حکومت اوت احتجاج کرنے والی جماعتوں میں تصفیے پر انہوں نے کہ فارمولا حکومت خود بناتی ہے، وزیر اعظم جس قدر پیار سے کام کریں اس میں بہتری ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ہم سب آپس میں ایمپائر ہے، تھرڈ ایمپائر کوئی نہیں ہے، اگر تھرڈ ایمپائر کی بات ہوگی تو بات دور تک جائے گی۔

یاد رہے کہ آصف علی زرداری گزشتہ روز دبئی سے پاکستان آئے تھے جس کے بعد کراچی میں اہم پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ مشارت کی تھی اور آج انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الہی سے ملاقات کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں