اسلام آباد کے ریڈ زون میں موبائل فون سروسز بند

23 اگست 2014
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق وزارت داخلہ کی ہدایت پر ریڈ زون میں تاحکم ثانی موبائل فون سروسز بند کی گئی ہیں۔۔۔ فوٹو رائٹرز
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق وزارت داخلہ کی ہدایت پر ریڈ زون میں تاحکم ثانی موبائل فون سروسز بند کی گئی ہیں۔۔۔ فوٹو رائٹرز

اسلام آباد: وزارت داخلہ کے احکامات کے بعد اسلام آباد کے ریڈ زون میں موبائل فون سروسز تاحکم ثانی بند کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ اس علاقے میں پاکستان تحریک اانصاف(پی ٹی آئی) اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) نے حکومت کے خلاف دھرنے دئیے ہوئے ہیں جبکہ اسی علاقے میں اہم سرکاری عمارات بھی ہیں مگر اتوار کے روز تعطیل کے باعث وہ بند ہوں گی۔

ترجمان پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق وزارت داخلہ کی ہدایت پر ریڈ زون میں تاحکم ثانی موبائل فون سروسز بند کی گئی ہیں۔

پی ٹی اے نے تمام موبائل کمپنیوں کو بھی سروسز بند کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ موبائل فون سروسز بند کرنے کا فیصلہ سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں عمران خان کی جان کو شدید خطرات کے باعث ریڈزون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

ڈان نیوز نے بتایا ہے کہ پولیس ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں، جس کے بعد اسلام آباد کے ریڈ زون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ اور داخلی راستوں پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

علاوہ ازیں تمام پولیس افسران، ضلعی انتظامیہ اور انٹیلی جنس اہلکاروں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس ذرائع کے مطابق ممکنہ دہشت گردی میں غیر ملکی ہاتھ کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔

تبصرے (0) بند ہیں