**تہران : ایران نے اسرائیلی جاسوسی کے جواب میں فلسطینیوں کو مسلح کرنے کے عمل میں تیزی لانے کا اعلان کیا ہے۔

ایران کا یہ انتباہ گزشتہ روز نتانز کی جوہری تنصیبات کے قریب

اسرائیلی اسٹیلتھ ڈرون مار گرانے
کے واقعے کے بعد سامنے آیا ہے۔

ایران کے پاسداران انقلاب کے جنرل عامر علی حاجی زادہ نے اپنے ایک بیان کہا ہے کہ " ہم مقبوضہ مغربی کنارے کے رہائشیوں کو مسلح کرنے کے عمل کو تیز کریں گے اور ہمیں ہر طرح کے ردعمل کے اظہار کا حق حاصل ہے'۔

ایران نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ حماس اور اسلامی جہاد کو راکٹ ٹیکنالوجی فراہم کررہا ہے جس کی مدد سے وہ غزہ سے اسرائیلی سرزمین پر آٹھ جولائی سے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

گزشتہ روز یعنی اتوار کو عامر علی حاجی زادہ نے ہی ٹیلیویژن پر بتایا تھا کہ ایرانی فورسز نے ایسا اسرائیلی ڈرون مار گرایا ہے جس کی پرواز ریڈار پر ریکارڈ نہیں کی جاسکتی، تاہم ہمارے نگران نظام نے اسے ڈھونڈ نکالا جس کے بعد زمین سے فضا پر مار کرنے والے میزائل کے ذریعے اسے ہدف بنایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرون کے ٹکڑے جمع کرلیے گئے ہیں اور ان کا تجزیہ کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی ترجمان نے ڈرون گرائے جانے کی خبر سامنے آنے کے بعد اتوار کو اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم غیرملکی میڈیا رپورٹس پر جواب نہیں دیتے"۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں