لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاون میں ملؤث اکیس افراد کےخلاف اندراج مقدمہ پر عملدرآمد کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

نمائندہ ڈان نیوز توقیر گھمن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکلاء کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں وزیراعظم سمیت اکیس افراد کے خلاف سیشن عدالت کے احکامات کی روشنی میں سانحہ ماڈل ٹاون کا مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

جس پر لاہور ہائی کورٹ آفس نے اعتراض کیا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے اور صرف متاثرہ فریق ہی عدالت سے رجوع کرسکتا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس محمود مقبول باجوہ نے اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔

نمائندے کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں تین وفاقی وزراء کے خلاف کیس کی سماعت جاری ہے اور عدالت نے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی رپورٹ اور اس کے سربراہ کو طلب کرلیا ہے۔

دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے بھی درخواست دائر کی گئی ہے کہ ان کے خلاف مقدمے کے احکامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔

یاد رہے کہ سولہ اگست کو لاہور کی سیشن کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے قتل و غارت کے خلاف ادارہ تحریک منہاج القران کی درخواست پر وزیر اعظم پاکستان نواز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور 19 دیگر شخصیات کے خلاف قتل اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف نے اس مقدمے میں فریق بننے کی درخواست دائر کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں