سری لنکا کی پاکستان کو 77 رنز سے شکست

اپ ڈیٹ 26 اگست 2014
— اے ایف پی فوٹو
— اے ایف پی فوٹو

ہمبن ٹوٹا: سری لنکا نے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو 77 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کردیا۔

سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں جاری دوسرے ون ڈے میں پاکستان اننگزکا آغاز احمد شہزاد اور شرجیل خان نے کیا.

شرجیل صرف 9 رنز بناکرملنگا کا شکارہوگئے، جسکے بعد محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی اننگز کوآگے بڑھایا، حفیظ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 28 گیندوں پرنصف سینچری مکمل کی۔

حفیظ 62 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ عمراکمل صرف ایک رنز بناسکے۔

احمد شہزاد 56 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، مصباح الحق نے 36 رنز کی اننگز کھیل کر ہیراتھ کا شکار بنے۔

پہلے ون ڈے کے ہیرو صہیب مقصود بھی ہیراتھ کا شکار بنے، صہیب نے نو رنز کی اننگز کھیلی۔

بوم بوم آفریدی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 17رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

وہاب ریاض پانچ اور فواد عالم 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جنید خان تھے جو ایک رنز بناکر آؤٹ ہوئے ،311 کے جواب میں پاکستانی ٹیم 233 رنز بناسکی۔

سری لنکا کی جانب سے تھسارا پریرا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 جبکہ لیستھ ملنگا، رنگانا ہیراتھ اور پراسانا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ میں شاندار بیٹنگ اور بولنگ کا مظاہرہ کرنے والے تھسارا پریرا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان میں 310 رنز اسکور کیے۔

سری لنکن اننگ کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 62 کے اسکور پر تین کھلاڑی تلکا رتنے، کمار سنگاکارا اور تھرنگا پویلین واپس لوٹ گئے تھے۔

اس مرحلے پر مہیلا جے وردنے اور کپتان انجیلو میتھیوز کے درمیان 122 رنز کی زبردست شراکت قائم ہوئی جس کا اختتام 184 کے اسکور پر محمد حفیظ نے جے وردنے کو آﺅٹ کرکے کیا، جو 67 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

کپتان انجیلو میتھیوز 93 رنز پر پویلین لوٹے مگر اس کے بعد تھیسارا پریرا نے 36 گیندوں پر 65 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جو پانچ چوکوں اور چار بلند و بالا چھکوں پر مزئین تھی، اسی طرح سری لنکن ٹیم پچاس اوورز میں 310 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے چار اور محمد حفیظ نے تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔

پاکستان نے میچ کے لیے اپنی لائن اپ میں ایک تبدیلی کی اور یونس خان کی جگہ اوپنر شرجیل خان کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا، جبکہ سری لنکن ٹیم میں بھی دنیش چندی مل کی جگہ لیگ اسپنر پرسنا کو شامل کیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں