فلسطین، اسرائیل کے ساتھ غزہ میں طویل مدتی جنگ بندی پر متفق

26 اگست 2014
گزشتہ روز غزہ شہر میں اسرائیلی فضائی حملے میں تباہ گورنمنٹ اسکول کا ایک منظر، اے ایف پی فوٹو۔۔۔
گزشتہ روز غزہ شہر میں اسرائیلی فضائی حملے میں تباہ گورنمنٹ اسکول کا ایک منظر، اے ایف پی فوٹو۔۔۔

راملہ: سینیئر فلسطینی آفیشل نے منگل کو کہا ہے کہ فلسطین اسرائیل کے ساتھ غزہ میں مستقل جنگ بندی کے معاہدے پر رضا مند ہے۔ تاہم اسرائیل نے معاہدے کی فوری تصدیق نہیں کی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فلسطینی حکام نے جنگ بندی کا کوئی حتمی وقت نہیں دیا تاہم فلسطینی صدر محمد عباس راملہ میں اپنی تقریر میں اس کی تفصیلات پر روشنی ڈالیں گے۔

اے ایف پی کا کہنا تھا کہ ایک فلسطینی مذاکرات کار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مستقل جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصری مصالحت کاروں کے تعاون سے 48 گھنٹوں کی تیزرفتا ر شٹل ڈپلومیسی کے نتیجے میں معاہدہ طے پایا ۔

اقوام متحدہ کے اعداد وشمار کے مطابق آٹھ جولائی سے جاری اس لڑائی میں اب تک 2,138 فلسطینی جن میں اکثریت شہریوں کی ہے ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 68 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مختصر مدت کے لیے جنگ بندی کئی بار ہوئی جس سے لاکھوں شہریوں کو ریلیف ملا تاہم طویل مدتی جنگ بندی کے معاہدے کی عدم موجودگی کی وجہ سے وہ ٹوٹتا رہا۔

تبصرے (0) بند ہیں