لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے متوقع بولیاں نہ ملنے، اور آرگنائزنگ کے لیے کم وقت رہ جانے کے سبب اپنی پہلی سپر لیگ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق منگل کو بورڈ آف گورنرز کی 30 ویں میٹنگ میں چیئرمین شہریار خان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پر بولیاں لگانے والی دو کمپنیوں "ہائر اور امن فاؤنڈیشن" کے نمائندوں سے ملاقات کی۔

پی سی بی چیئرمین نے نمائندوں کو بتایا، کہ جنوری میں کرکٹ بورڈ کے لیے پی ایس ایل کے افتتاحی سیشن کا انعقاد مشکل ہے، کیونکہ تیاریوں کے لیے اتنا وقت ناکافی ہے۔

انہوں نے بورڈ کی مشکلات سمجھنے کے لیے کمپنیوں کا شکریہ ادا کیا، اور انہیں نیلامی کی منسوخی سے آگاہ کیا، جبکہ کمپنیوں کے پروپوزل، اور نیلامی کی فیس بھی انہیں واپس کر دی۔

شہریار خان کا کہنا تھا کہ سپر لیگ کا انعقاد ضرور کیا جائے گا، اور امید ظاہر کی کہ نیلامی دوبارہ ہونے پر ہائر اور امن فاؤنڈیشن دوبارہ حصّہ لیں گی۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ مستقبل میں ہونے والے دوروں کے درمیان وقت کا تعین کر رہا ہے، تاکہ ایونٹ کا کامیاب انعقاد کیا جا سکے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کمپنیوں کی مالی حیثیت سے مطمئن نہیں تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں