بولی وڈ انڈر ورلڈ سے خوفزدہ

27 اگست 2014
بولی وڈ ڈان شاہ رُخ کا پڑگیا ممبئی کے اصلی ڈان سے واسطہ — اے ایف پی فوٹو
بولی وڈ ڈان شاہ رُخ کا پڑگیا ممبئی کے اصلی ڈان سے واسطہ — اے ایف پی فوٹو
بولی وڈ اداکار سلمان خان اور شاہ رخ خان بھی ان دھمکیوں کا سامنا کر چکے ہیں — سکرین شاٹ
بولی وڈ اداکار سلمان خان اور شاہ رخ خان بھی ان دھمکیوں کا سامنا کر چکے ہیں — سکرین شاٹ

بولی وڈ فلموں کے ڈان شاہ رُخ کا ممبئی کے اصلی ڈان سے واسطہ پڑگیا، فلم ‘ہیپی نیو ایئر’ کے پروڈیوسر کے گھر پر فائرنگ کے بعد پولیس نے کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر کنگ خان کے گھر کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق، انڈر ورلڈ کی جانب سے شاہ رخ خان کو پچھلے کئی دنوں سے دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔ جس کے بعد ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع ان کے بنگلے کی سکیورٹی بڑھا دی گئی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکا جاسکے۔

دوسری جانب مقامی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس تو شاہ رخ خان کو دھمکیاں ملنے سے متعلق کوئی اطلاع نہیں اور نہ ہی ان کی جانب سے اس حوالے سے کوئی شکایت درج کرائی گئی ہے تاہم حفاظتی اقدامات کے طور پر ان کے گھر پر سیکیورٹی سخت کی گئی ہے۔

شاہ رخ خان کو کنگ آف بولی وڈ کے ساتھ ساتھ بولی وڈ کا ‘ڈان’ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ وہ ڈان کا کردار بہت خوبی سے نبھا چکے ہیں۔

چند ماہ قبل فلم پروڈیوسر کریم مورانی کو بھی انڈر ورلڈ کی جانب سے دھمکیاں موصول ہوئی تھیں جب کہ ہفتے کی رات ان کے گھر پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔

اس کے علاوہ فلم میکر راجیو رائے جنہوں نے کئی بلاک بسٹر فلمیں دیں جن میں تری دیو، مہرہ اور گپت وغیرہ شامل ہیں 1997 میں وہ بھی اس مسئلے سے دو چار ہو چکے ہیں۔

بولی وڈ کی اداکار پریتی زنٹا کے ساتھ مبینہ چھیڑ چھاڑ کے معاملے میں صنعت کار نیس واڈیا کے والد نسلی واڈیا کو بھی فون پر انڈر ورلڈ سے دھمکیاں مل چکی ہیں، پریتی اور صنعت کار نیس واڈیا آئی پی ایل کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کے مشترکہ مالک ہیں اور دونوں کے درمیان سنہ 2009 سے تعلق تھا۔

بولی وڈ کے دبنگ خان بھی 2002 میں انڈر ورلڈ کی دھکمیوں کے خلاف پولیس میں رپورٹ درج کروا چکے ہیں جبکہ فروری 2014 میں بھی انہیں اسی قسم کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ بولی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان کو اگر بھائی کہا جائے تو وہ غصے میں آ جاتے ہیں۔ بولی وڈ میں بھائی کہنے کا مطلب ہے کہ آپ کا تعلق انڈر ورلڈ سے ہے۔ دراصل سلمان خان نہ تو انڈر ورلڈ کے بھائی بننا چاہتے ہیں اور نہ ہی لڑکیوں کے یونیورسل بھائی وہ کہتے ہیں یہ حق وہ صرف اپنے بھائیوں ارباز، سہیل اور دو بہنوں کو دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ ستمبر 2013 میں بھتہ کے ٹیکسٹ پیغامات ملنے کے بعد بولی وڈ کے نامور پروڈیوسر کرن جوہر کو بھی مسلح سیکورٹی فراہم کی گئی تھی، اس کے علاوہ اکشے کمار اور گووندا بھی ان واقعات کے بعد رپورٹ درج کروانے کے عمل سے گزر چکے ہیں۔

بشکریہ ٹائمز آف انڈیا

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں