پشاور: ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے چودھوان کی تحصیل پروآ میں پولیس کے ساتھ جھڑپ کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان اور لشکر جھنگوی کا اہم عسکری کمانڈر ولید اکبر ہلاک جبکہ اس کا ساتھی زخمی ہو گیا۔

نمائندہ ڈان ڈاٹ کام ظاہر شاہ کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروآ کے علاقے چودھوان کے قریب ہڑکی موڑ پر تاک میں بیٹھے دہشت گردوں نے اس وقت فائرنگ کردی جب ڈی پی او صادق بلوچ پولیس اسکواڈ کے ہمراہ چودھوان میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پرسرچ آپریشن کے لیے جارہے تھے۔

ڈی پی او صادق بلوچ نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے وہ اور پولیس اہلکار محفوظ رہے، تاہم پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان کا اہم کمانڈر ولید اکبر ہلاک جبکہ اس کا ساتھی زخمی ہوگیا۔

ڈی پی او صادق بلوچ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا مبینہ دہشت گرد ولید اکبر ڈیرہ اسماعیل خان جیل توڑنے سمیت خودکش دھماکوں اور نو پولیس اہلکاروں سمیت ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں کا ماسٹر مائنڈ اور پولیس کو مطلوب تھا۔

ولید اکبر کو چار ملزمان کے ہمراہ ڈیرہ اسماعیل خان سے گرفتار کیا گیا تھا تاہم وہ مذکورہ جیل توڑ کر اہم طالبان کمانڈروں کے ہمراہ جیل سے فرار ہوگیا تھا۔

پولیس نے مبینہ دہشت گرد کی لاش تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں