بریڈ پٹ اور انجلینا جولی نے شادی کر لی

اپ ڈیٹ 28 اگست 2014
۔ — رائٹرز فوٹو
۔ — رائٹرز فوٹو

نیویارک : انجلینا جولی اور بریڈ پٹ پر مشتمل ہالی وڈ کا مشہور ترین جوڑا بالآخر شادی کے بندھن میں بندھ گیا۔

بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ہالی وڈ سٹار جوڑے کی شادی 23 اگست کو فرانس میں ہوئی۔

انجلینا جولی اور بریڈ پٹ نے 2012 میں منگنی کی تھی، تاہم وہ دونوں 2005 سے ساتھ رہ رہے ہیں اور ان کے چھ بچے بھی ہیں۔

دونوں ستاروں نے ہفتے کو ایک چھوٹے سے گرجا گھر میں ہونے والی پرائیویٹ تقریب میں اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا جس میں صرف رشتے داروں اور دوستوں کو مدعو کیا گیا تھا۔

اس تقریب کے لیے بریڈ پٹ اور انجلینا جولی نے کیلیفورنیا کے ایک مقامی جج سے میرج لائسنس بھی لے لیا ہے، وہ جج بھی فرانس میں ہونے والی تقریب میں موجود تھے۔

اس جوڑے کے بچوں نے بھی شادی میں شرکت کی، انجلینا جولی گرجا کے راستے پر اپنے بڑے بیٹوں میڈوکس اور پاکس کے ہمراہ آئیں، جبکہ دو بچوں نے پھولوں کی پتیاں برسائی اور دیگر انگوٹھیاں لے کر آئے۔

انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کی شادی کے حوالے سے برسوں سے مختلف افواہیں چل رہی تھیں کیونکہ دونوں اپنے بیانات میں طویل عرصے کہتے رہے تھے کہ اس حوالے سے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

یہ بریڈ پٹ کی دوسری شادی ہے۔ انھوں نے اس سے قبل 2000 میں جنیفر آنسٹن سے شادی کی تھی تاہم یہ جوڑا 2005 میں علیحدہ ہوگیا تھا۔

انجلینا جولی اس سے قبل نوے کی دہائی کے آخر میں برطانوی اداکار جونی لی ملر سے پہلی شادی کی تھی جو تین سال تک چلی جبکہ اس کے بعد بلی بوب تھرونٹن بھی ان کے شریک حیات بنے مگر 2003 میں طلاق ہوگئی۔

تبصرے (0) بند ہیں