کراچی: ملک میں جاری سیاسی بے یقینی اور غیر مستحکم صورتحال کے باعث رواں ہفتے جاری رہنے والے مندی کے رجحان کے بعد جمعے کا دن کراچی اسٹاک ایکسچینج کے لیے خوشگوار ثابت ہوا اور کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی انڈیکس میں ایک ہزار دو پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

جس کے بعد ہنڈریڈ انڈیکس اٹھائیس ہزار آٹھ سو اٹھارہ پوائنٹس پر پہنچ گیا ہے۔

نمائندہ ڈان نیوز تلقین زبیری کے مطابق جمعہ کے دن کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغازمثبت رہا اور مارکیٹ میں پانچ کروڑ شیئرز کا کاروبار ہوا۔

جبکہ انڈیکس بھی اٹھائیس ہزار آٹھ سو اٹھارہ پوائنٹس کی سطح پر موجود ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں احتجاجی دھرنوں پر بیٹھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے قائدین اور حکومت کے مابین فوج کے بطور ثالث کرادار ادا کرنے سے جہاں ایک طرف سیاسی بحران حل ہوتا دکھائی دے رہا ہے، وہیں اس سیاسی استحکام کا اثر کراچی اسٹاک ایکسچینج پر بھی پڑا ہے۔

تجزیہ نگاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر سیاسی صورتحال بہتر رہی تو کراچی اسٹاک ایکسچینج بھی استحکام کی طرف جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں