ایسے موقع پر جب کوک اسٹوڈیو کے ساتویں سیزن کا آغاز 7 ستمبر سے ہونے جا رہا ہے گزشتہ سیزنز کی کامیابی کے پیش نظر شائقین موسیقی کی اس سیزن سے وابستہ توقعات بڑھ گئی ہیں۔

بین الاقوامی شہرت یافتہ میوزک بینڈ سٹرنگز کے بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ کوک سٹوڈیو سیزن سیون کو اس بار بطو ر پروڈیوسر کر رہے ہیں جسے ’ساؤنڈ آف دی نیشن ‘کا نام دیا گیا ہے، اس بار شو میں 23 آرٹسٹ، 22 موسیقار اور 28 گانے شامل ہوں گے۔

اسرار سے شائقین موسیقی 2011 میں متعارف ہوئے تھے، منفرد آواز کے حامل گلوکار پر یہ بات فٹ آتی ہے کہ ’وہ آیا اور اس نے فتح کرلیا‘۔ اسی طرح جواد احمد پاکستان میں موسیقی کے افق کا ایک مستند نام ہیں۔ انھوں نے گائیکی کی مختلف اصناف میں صلاحیتوں کا مظاہرہ کر کے خود کو ورسٹائل گلوکار ثابت کیا۔

بات جب صوفیانہ گائیکی ہو تو ذہن میں صرف عابدہ پروین کا نام آتا ہے، بلاشبہ ان کی جادو اثر گائیکی کا کوئی مقابلہ نہیں۔ پاکستان کا دوسرا اعلیٰ ترین سول اعزاز، ہلال امیتاز حاصل کرنے والی گلوکار کی سحر انگیز آواز کے اسیر اندرون و بیرون ملک بڑی تعداد میں ہیں۔

راحت فتح علی خان کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں، انھیں فلمی گائیکی کے علاوہ غزل گائیکی اور قوالی پر کامل عبور حاصل ہے۔ وہ کوک سٹوڈیو کی ابتداء ہی سے اس شو کا حصہ رہے ہیں۔ نئے سیزن میں بھی راحت کی شمولیت ان کے پرستاروں اور موسیقی کے متوالوں کے لیے یقیناً خوشی کا باعث ہوگی۔

ہم پاکستان میں پاپ موسیقی کی بنیاد ڈالنے والے نازیہ اور زوہیب حسن کے گیت سنتے ہوئے ہی پلے بڑھے ہیں، ایک طویل وقفے کے بعد انھیں کسی پروگرام میں پرفارم کرتے ہوئے دیکھنا یقیناً ایک خوش گوار تجربہ ہوگا۔

گلوکار سجاد علی ایک بار پھر کوک سٹوڈیو کا حصہ بننے جا رہے ہیں، گذشتہ سیزن میں ان کا گانا 'کِڑ کِڑ کِڑ کِڑ' بہت پسند کیا گیا تھا۔ امید ہے نئے سیزن میں ان کی کارکردگی پہلے سے بڑھ کر رہے گی۔ 90 کی دہائی کے معروف گلوکار عامر ذکی بھی کوک اسٹوڈیو میں گائیکی کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ اگر آپ ان کے چاہنے والوں میں سے ہیں تو پھر آپ کو یہ جاننے کے لیے بھی کوک اسٹوڈیو ضروردیکھنا چاہیے کہ وہ آپ کے لیے کیا کچھ نیا لے کر آ رہے ہیں۔

ماسٹر شیف پاکستان کے آفیشل گیت کے موسیقار مبشر اڈمانی کو بھی کوک اسٹوڈیو میں شرکت کا ’شرف‘ حاصل ہوا ہے، مقبول عام شو میں مزید جو گلوکار اپنی گائیکی سے شائقینِ موسیقی پر سحر طاری کریں گے ان کے نام یہ ہیں:

عباس علی خان

ابرارالحق

اختر چنال زہری

فریحہ پرویز

حمیرا چنا

جاوید بشیر

جمّی خان

کومل رضوی

میشا شفیع

مومن درانی

نصیر صاحب

نیازی برادرز

ژوئے ویکاجی

ریچل ویکاجی

رحما علی

صنم سعید

سارہ حیدر

عثمان ریاض

استاد رئیس خان

استاد طافوخان

سیزن چھ کے اچانک اختتام پر ناظرین بے تابی سے اس مقبول پروگرام کی واپسی کا انتظار کر رہے تھے تاکہ دیکھ سکیں اس میں کوئی جدت آتی ہے یا روحیل حیات کے بغیر مزہ ختم ہوجائے گا، سیزن سات کو اب روحیل حیات کی جگہ سٹرنگز بینڈ پروڈیوس کر رہا ہے۔

روحیل حیات نے اب تک کوک سٹوڈیو کے تمام چھ سیزن کو پروڈیوس کیا تھا تاہم وہ رواں برس اس سے سبکدوش ہوگئے تھے۔ کوک سٹوڈیو سیزن سیون کے مہمان موسیقاروں میں شامل ہیں:

عدیل بخاری

ارسلان ربانی

فراز انور

غلام عباس

حمزہ جعفری

جعفر حسین

جاوید اقبال

کلیم خان

عمران شفیق

ساجد علی

سلیم خان

تنویر حسین

عمر دراز

شیلوم ژیویئر

سٹرنگز میں شامل بلال مقصود نے ڈان سے ایک سابقہ انٹرویو میں کہا تھا کہ ہم کوک سٹوڈیو کو پروڈیس کرنے کے خیال پر بہت پرجوش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ "ہم کوک اسٹوڈیو کی حقیقی روح اور لوک دھنوں کو جدید موسیقی کے امتزاج سے پیش کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے، پاکستان میں اس وقت متعدد میوزیکل خزانے سامنے نہیں آسکے ہیں اور ہم انہیں تلاش کرکے سامنے لانا چاہتے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ ہمیں توقع ہے کہ ہم اس شو میں وہ جوش واپس لاسکیں گے جو گزشتہ چند برسوں کے دوران غائب ہوگیا تھا، کوک سٹوڈیو سیزن تین تک تو زبردست تھا مگر اس کے بعد اس میں سے حیرت کا عنصر غائب ہوگیا تھا، جسے ہم واپس لانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں"۔

بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ نے انکشاف کیا کہ اس نئے سیزن کی تیاری میں تین ماہ لگے اور انہوں نے ہر گانے پر سخت محنت کی ہے۔

سیزن سیون کے لیے پرستار بے صبری سے منتظر ہیں:

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں