کراچی: پاکستان کے صنعتی حب اور ملک کے سب سے بڑے شہر کے بیشتر علاقے شہرکو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے-الیکٹرک کی ایکسٹرا ہائی ٹرانسمیشن لائنوں کے ٹرپ کرجانے سے بحلی سے محروم ہوگئے۔

بلدیہ ٹاؤن، سائٹ، نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریا، گلشن اقبال، گلستانِ جوہر اور ملیر کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہے۔

کراچی-الیکٹرک کے ذرائع کے مطابق یہ لوڈشیڈنگ اہم ٹرانسمیشن لائنوں کے ٹرپ کرنے کی وجہ سے کی جارہی ہے۔

کے-ای کے نمائندوں سے جب رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ فالٹ ایک فیڈر اور ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائنوں کے ٹرپ کرجانے کی وجہ سے آیا ہے، اور اس کو چار گھنٹوں میں بحال کردیا جائے گا۔

فنی خرابیاں ہوں یا مرمت کے نام پر لوڈشیڈنگ، جواز کوئی بھی ہو ، کراچی کے شہری ان وجوہات کی بنا پر ہونے والی بجلی کی بندش سے تنگ آگئے ہیں۔ اب تو رات گئے بھی گھنٹوں بجلی کی بندش ان کے لیے درد سر بن چکی ہے۔

ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آج بھی ایکسٹرا ہائی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہوئی تو شہریوں کا پارہ ہی چڑھ گیا۔ بیشتر شہری ٹرانسمیشن لائن کی مرمت کےلیے کے-الیکٹرک سے رابطہ کرتے رہے ۔

کے الیکٹرک ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی ٹرانسمیشن لائن کی مرمت میں وقت درکار ہوتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ وجہ کوئی بھی ہو خمیازہ انہیں ہی بھگتنا پڑتا ہے ۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں