تحریک انصاف اورحکومتی مذاکرات،چھٹا دور ختم، بریک تھرو کا امکان

اپ ڈیٹ 30 اگست 2014
عمران خان اور نواز شریف— فائل فوٹو
عمران خان اور نواز شریف— فائل فوٹو

اسلام آباد: حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات کا چھٹا دور جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ہوا ۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی نے مطالبات پر لچک دکھائی ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان بات چیت نئی تجاویز سامنے آ سکتی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق مذاکرات میں اہم غیرسیاسی شخصیت نے بھی شرکت کی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے مذاکرات میں بریک تھرو کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

حکومتی ٹیم کی قیادت اسحاق ڈار کر رہے تھے ، دیگر اراکین میں پرویز رشید، احسن اقبال، عبدالقادر بلوچ اور زاہد حامد شاہ شامل تھے جبکہ پی ٹی آئی کی نمائندگی اسد عمر، جہانگیر ترین، پرویز خٹک، شفقت محمود اور شاہ محمود قریشی کر رہے تھے۔

اب تک مذاکرات کے پانچ ادوار سیاسی بحران کا حل نکالنے میں ناکام رہے جبکہ حکومت کی جانب سے اس بحران سے نمٹنے کے لیے فوج سے ثالث بننے کی درخواست اسکروٹنی کی زد میں آچکی ہے۔

واضح رہے کہ جمعے کو پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان ہونے والی بات چیت میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی تھی، جس کی وجہ وزیراعظم کی جانب سے فوج سے مدد مانگنے کے تاثر کی تردید کرنا تھا۔

جمعے کو مذاکرات کے اختتام پر عمران خان نے آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پر قومی اسمبلی کے ایوان میں جھوٹ بولنے کا الزام لگایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت اپنے احتجاج کو لاہور، کراچی، فیصل آباد اور ملتان تک بڑھائے گی جس کا آغاز ہفتے سے ہوگا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ وہ اپنے اگلے اقدام کا اعلان اتوار کو کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں