‫ڈرامہ ریویو: وہ۔۔۔ دوبارہ (خوف و دہشت کا احساس)

اپ ڈیٹ 30 اگست 2014
— بشکریہ فوٹو گریب
— بشکریہ فوٹو گریب
سکینہ سموں ڈرامہ سیریل 'وہ۔۔۔دوبارہ' کے ایک منظر میں
سکینہ سموں ڈرامہ سیریل 'وہ۔۔۔دوبارہ' کے ایک منظر میں

اچانک کسی کے چلنے پھرنے کا احساس اس کے سر پر دھماکے کی طرح ہونے لگا، کمرے میں تنہا ہونے کے باوجود اسے محسوس ہو رہا تھا جیسے کوئی اسے گھور رہا ہے کبھی کسی کے چلنے پھرنے کا واضح احساس اس کے جسم کے اندر کپکپی طاری کر رہا تھی اور پھر اچانک اسے لگا کہ وہ نادیدہ شے تیزی سے اس کی جانب بڑھ رہی ہے اور وہ خوف سے چلّا اٹھا۔

خوف انسانی جبلت کا حصہ ہے، اب چاہے وہ موت کا ہو یا تکلیف کا، ناکامی یا کسی بھی اور چیز کا مگر کوئی بھی شخص یہ نہیں کہہ سکتا کہ زندگی میں وہ کبھی کسی چیز سے خوفزدہ نہیں ہوا، خاص طور پر کسی نادیدہ شے یا آسان الفاظ میں بد روحوں، چڑیلوں یا آسیب وغیرہ کا ڈر تو دنیا بھر میں پایا جاتا ہے۔

اور یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں ہارر فلمیں، ڈرامے، کتابیں اور گیمز وغیرہ بہت زیادہ مقبولیت بھی حاصل کرتے ہیں کیونکہ انسان چاہے پچھل پیری یا بد روحوں سے جتنا بھی ڈرے مگر ان پر بنی فلموں یا ڈراموں کو دیکھنے کا شوق پھر بھی اس کا پیچھا نہیں چھوڑتا۔

ہمارے پڑوسی ملک ہندوستان میں تو اس طرح کے ڈرامے اور فلمیں بنتی ہی رہتی ہیں اور اب لگتا ہے کہ پاکستان میں بھی اس کا رواج پڑنے ہی والا ہے جس کی مثال ہم ٹی وی کی سیریل 'وہ۔۔۔۔ دوبارہ' ہے جس کا دوسرا سیزن ابھی حال ہی میں شروع ہوا ہے۔

ڈرامہ سیریل
ڈرامہ سیریل 'وہ۔۔۔دوبارہ' کا ایک منظر

ہم ٹی وی نے ستمبر 2013 میں پاکستانی چینلز پر پہلی بار ایک ہارر سیریل 'وہ' پیش کیا تھا جسے سید عاطف علی نے تحریر اور انجلین ملک نے ڈائریکٹ کیا تھا، جبکہ اس کی کاسٹ میں شمعون عباسی، عریج فاطمہ، نائلہ جعفری اور روبینہ اشرف وغیرہ شامل تھے، جو ایک لڑکی مہر (عریج فاطمہ) کے گرد گھومتا ہے جو ایک آسیب زدہ مکان میں ایک عورت کی بد روح کے زیراثر آجاتی ہے جس کے بعد اس میں کئی حیرت انگیز موڑ سامنے آتے ہیں۔

اب اسے ڈرامے کا دوسرا حصہ 'وہ۔۔۔ دوبارہ' کے نام سے سامنے آیا ہے جس میں کالے جادو اور شیطانی روح کے قبضے کی کہانی ہی کو اپنایا گیا ہے، جس میں کہانی زبیر(شہود علوی) کے خاندان کے گرد گھومتی ہے جو ایک نئے گھر میں منتقل ہوتی ہے جہاں اس کے بھائی عمیر کی شادی کی تیاریاں شروع ہو جاتی ہیں۔

ثناء عسکری کی ڈرامے مٰیں پرفامنس قابل تعریف ہے
ثناء عسکری کی ڈرامے مٰیں پرفامنس قابل تعریف ہے

تاہم جلد ہی اس خاندان کو پورے گھر میں پراسرار سرگرمیاں محسوس ہونے لگتی ہیں تاہم وہ شادی کی تقریب کی خوشی میں اسے زیادہ اہمیت نہیں دیتے، تاہم اس فنکشن کے بعد زیبر کے بھائی عمیر(یاسر رضوی)کی نئی نویلی بیوی ایمان (ثناء عسکری)کے ساتھ خوفناک واقعات پیش آتے ہیں جس کے بعد وہ زبیر کو گھر چھوڑنے کے لیے مجبور کرتی ہے۔

اس کے بعد ایمان پورے گھر کی مالک بن جاتی ہیں مگر اس کی قیمت اسے شیطانی قوتوں کا شکار بننے کی صورت میں ادا کرنا پڑتی ہے۔

شیطانی قوتیں ایمان کو اپنے قابو میں کرکے وہ کچھ کرانا شروع کر دیتی ہیں جو دیکھنے اور سننے والوں کے لئے خوف اور دہشت کی علامت بن جاتا ہے۔

اسی طرح یہ کہانی آگے بڑھ کر کیا رخ اختیار کرے گی اور کس طرح ناظرین کو اپنی گرفت میں لیے رکھے گی یہ جاننا دلچسپی سے کم نہیں ہوگا تاہم پراسرار ڈراموں کے شوقین افراد کے لیے یہ پاکستانی ڈرامہ اپنی بہترین کہانی کی بناء پر کسی تحفے سے کم نہیں۔

اس ڈرامے کو بھی سید عاطف علی نے ہی تحریر کیا ہے اور ہدایات انجلین ملک نے دی ہیں، جبکہ اس کی کاسٹ میں یاسر رضوی، شہود علوی، ثناء عسکری اور سکینہ سموں سمیت دیگر شامل ہیں۔

یہ ڈرامہ ہر جمعے کی شب نو بجے ٹیلی کاسٹ کیا جاتا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

faizan azam Aug 31, 2014 07:30pm
good