تحریک انصاف نے بھی دھرنا منتقل کرنے کا اعلان کردیا

اپ ڈیٹ 31 اگست 2014
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان— فائل فوٹو
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان— فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی اپنا دھرنا وزیر اعظم ہائوس کے سامنے منتقل کرنے کا اعلان کر دیا ہے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس کے سامنے دھرنا دینا جمہوری حق ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دیئے جانے والے دھرنے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کسی صورت کرسی چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔

انہوں نے سیکیورٹی فورسز کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ رینجرز اور پولیس کو پیغام دیتا ہوں، ہم پرامن لوگ ہیں، پرامن آئے تھے، پرامن طریقے سے وزیر اعظم ہاؤس جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے آگے آئی ہے، انصاف ہوگا تو جمہوریت آگے بڑھے گی۔


نواز شریف فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں، عمران خان


تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے پوری قوم کے سامنے جھوٹ بولا ہے اور وہ فوج کو بدنام کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں آزادی مارچ کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف یہ کہہ کر فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہ عمران خان کی حمایت کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنرل ضیا الحق کی نرسری سے ابھرنے والا شخص کہہ رہا ہے فوج میری حمایت کررہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اسی فوج نے نواز شریف کو بنایا اور اب وہ اسے وہ کہہ رہے ہیں کہ فوج اس بحران کے پیچھے ہے اور جنرل راحیل شریف ایسا کررہے ہیں۔

انہوں نے نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا پہلے وزیراعظم نے فوج کا مذاق اڑایا اور بعد میں قومی اسمبلی کے ایوان میں جھوٹ بولی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ہوتے ہوئے شفاف تحقیقات ممکن نہیں، انتخابی دھاندلی کی تحقیقات مکمل ہونے تک وزیراعطم استعفیٰ دیں۔

عمران خان نے کہا کہ مہذب دنیا لیڈر کی ہر بات قبول کرتی ہے، جھوٹ قبول نہیں کرتی۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کرانے سے ملک میں جمہوریت نہیں آجاتی، یہ میری نہیں پاکستانیوں کی جنگ ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن خیبرپختونخواہ میں ہوتا تو آن لائن ایف آئی آر درج ہوجاتی، پولیس نے حکمرانوں کے حکم پر نہتے افراد پر فائرنگ کی۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ حکمرانوں نے ذاتی مفاد کے لیے بیوروکریسی کو تباہ کردیا، حکمرانوں کے بچے عوام کے پیسے پر عیاشی کررہے ہیں، عوام اپنے مستقبل کے لیے باہر نکلیں۔

تبصرے (0) بند ہیں