سترھواں دن:اسلام آباد میں جھڑپیں رک گئیں،کورکمانڈرزکابحران ختم کرنےپرزور

اپ ڈیٹ 01 ستمبر 2014
لاٹھیوں اور پتھروں سے لیس پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان آگے بڑھنے کی کوشش کررہے ہیں۔— اے ایف پی فوٹو
لاٹھیوں اور پتھروں سے لیس پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان آگے بڑھنے کی کوشش کررہے ہیں۔— اے ایف پی فوٹو

اسلام آباد میں جھڑپیں رک گئیں

وفاقی دارالحکومت میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب وزیر اعظم ہائوس جانے کی کوشش کی جس پر پولیس سے ان کا تصادم ہوا جس میں 3 افراد ہلاک اور 400 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، پولیس اور دونوں جماعتوں کے درمیان 15 گھنٹے سے زائد جھڑپیں جاری رہیں البتہ اتوار کی شب تک یہ جھڑپیں رک گئیں البتہ پی اے ٹی اور پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج جاری رہا۔

کور کمانڈرز کانفرنس ختم ہو گئی

آرمی چیف کی زیرِ صدارت کور کمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو میں ہوئی ہے، کانفرنس کا وقت تبدیل کیا گیا تھا جس کے بعد کانفرنس 4 گھنٹے جاری رہی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وقت ضائع کیے بغیر مسئلے کو حل کیا جائے، طاقت کے استعمال سے صورتحال مزید خراب ہوں گے، پاک فوج جمہوریت کی حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں موجودہ سیاسی بحران سمیت ملکی سلامتی اور دیگر پیشہ وارانہ امور زیر بحث آئے۔

خیال رہے کہ یہ کانفرنس ایک ایسے وقت میں ہونے جارہی ہے، جب اسلام آباد میں گزشتہ 17 روز سے پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کا دھرنے میں پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کی کال پر آج کراچی سمیت سندھ میں یومِ سوگ منایا جارہا ہے،جبکہ تحریک انصاف نے بھی اتوار کو ملک گیر مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔

اسی بارے میں


اسلام آباد: عوامی تحریک اور تحریک انصاف کا وزیر اعظم ہائوس پر دھرنے کا اعلان


یہاں ڈان اردو اسلام آباد میں دھرنوں اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر مسلسل لائیو اپ ڈیٹس کررہا ہے۔


ریڈ لائنز کا دفاع کیا جائے گا،ایس ایس پی اسلام آباد


اسلام آباد پولیس کے سربراہ ایس ایس پی عصمت اللہ نے کہا ہے کہ ریڈ لائنز کی تشریح کرنے ہماری ذمہ داری نہیں ہے، جو ہمیں آئین و قانون کے درمیان لائنز بتائی گئی ہیں اس کا دفاع کیا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس ایک احکامات پر عمل درآمد کرنے والا ادارہ ہے وہ کوئی پالیسی نہیں بناتی بلکہ وہ ملنے والے احکامات پر عمل کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں پر تشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، گزشتہ روز آنسو گیس سے خواتین اور بچے متاثر ہوئے جس پر ہم معذرت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عصمت اللہ نے مزید کہا کہ مغربی ممالک میں وزیر اعظم ہائوس کے سامنے احتجاج کرنے کی اجازت طلب کی جاتی ہے جس کے لیے ان کو ٹائم بتا دیا جاتا ہے جس میں وہاں احتجاج کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 سال میں کتنی بار وزیر اعظم ہائوس کے سامنے احتجاج ہوا ہے، اگرا وزیر اعظم ہائوس کے سامنے احتجاج کو آئین و قانون کا حصہ بنا دیا جاتا ہے تو اس پر پولیس عمل کرے گی اور لوگوں کو خود وزیر اعظم ہائوس تک لے کر جائے گی۔

ایس ایس پی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ طاقت کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے تمام جماعتوں سے اپیل کی کہ ہمیں جو ریڈ لائنز بتا دی گئی ہیں ان کا دفاع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کو کوئی خطرہ نہیں ہے، پارلیمنٹ کی سیکیورٹی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کے پاس ہے۔


عمران اور قادری پاکستان کو میدان جنگ بنانا چاہتے ہیں، شہباز شریف


پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری پاکستان کو میدان جنگ بنانا چاہتے ہیں۔

پنجاب کے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دنیا کا کون سا قانون ریاستی اداروں پر حملے کی اجازت دیتا ہے؟

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان دھاوا بولنے پر حامیوں کی ہمدردیاں کھو بیٹھے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے عین مذاکرات کے وقت دھاوا بولنے کی ہدایت کیوں کی؟

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن ہمارا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

پاکستان تحریک اانصاف کے سربراہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے نوجوان نسل کو اچھا رول ماڈل فراہم نہیں کیا۔


جمہوریت کی حمایت جاری رکھیں گے، کورکمانڈرز


کورکمانڈرز نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جمہوریت کی حمایت کرتے ہیں۔

جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت چار گھنٹے تک جاری رہنے والی اس کانفرنس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس سیاسی بحران کو وقت ضائع کیے بغیر کسی تشدد کے حل کیا جائے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بحران کے حل کیلئے تشدد کا استعمال صورتحال کو مزید خراب کرے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوج ملک کی سیکورٹی اور قومی تقاضوں پر پورا اترے گی۔


میں دہشت گرد ہوں، عمران خان


پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ طاہر القادری اور مجھے جیل میں ڈال کر تحریک ختم نہیں ہوگی، حکومت نے ہم پر دہشت گردی کا پرچہ کٹوا دیا ہے۔

انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے ڈرو کیونکہ آپ مجھے خرید نہیں سکتے، اسی لیے میں دہشت گرد ہوں۔

اسلام آباد میں اپنے کارکنان سے خطاب میں ان کہنا تھا کہ نواز شریف اور چوہدری نثار پولیس کا غلط استعمال نہ کریں۔

انہوں نے خطاب میں استعفی دینے والی ڈی ایس پی خدیجہ کو خراج تحیسن پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اب تک 731 پولیس اہلکار تشدد سے انکار کرچکے ہیں۔


جماعت اسلامی کے تحت تمام پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس کل طلب


موجودہ سیاسی بحران پر تبصرہ کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کل تمام پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس منعقد کرے گی۔

نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجلاس میں تمام سیاسی رہنماؤں کے ساتھ مل کر موجودہ سیاسی بحران کا مذاکرات کے ذریعے حل نکالنے کی کوشش کی جائے گی۔


عمران خان اور طاہر القادری کے خلاف مقدمہ درج کرنیکا فیصلہ


وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق تھانہ سیکریٹریٹ پولیس نے آئی جی اسلام آباد سے تحریری طور پر رجوع کر لیا ہے۔

رپورٹ مین یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے خلاف مقدمہ کی دفعات فیصلہ وزارت داخلہ کرے گی،


لاہور میں میٹر بس سروس بند


لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث میٹرو بس سروس بند کر دی گئی ہے۔

فیروز پورہ روڈ پر میٹرو بس سروس کا دوسرا ٹریک مظاہرین نے ٹائر جلا کر بند کر دیا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے کارکن وزیر اعلی پنجاب کے گھر کی جانب بڑھنے لگے ہیں۔


ان ہاؤس تبدیلی زیرغورنہیں،وفاقی وزیر دفاع


وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ان ہاؤس تبدیلی کی کوئی بات زیرغورنہیں۔

ڈان نیوز سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری کے بچے اور خاندان یہاں نہیں بیٹھے، شرکا اپنے قائدین کے کہنے پر توڑ پھوڑ کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ کور کمانڈرز کانفرنس کے ساتھ کچھ منسلک کرنا قبل ازوقت ہے۔

ان کا دعوی تھا کہ ہم نے تشدد اس طرح نہیں کیا جس طرح ایسے موقعوں پر ہوتا ہے۔


پنجاب پولیس کی بس گڑھے میں جا گری


اسلام آباد میں پنجاب پولیس کی بس موڑ کاٹتے ہوئے میٹرو بس کے تعمیراتی کام کے لیے کھودے گئے گڑھے میں گری گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق بس میں پولیس اہلکار سوار تھے، حادثے میں متعدد اہلکار زخمی ہوگئے ہیں

حادثے کے مقام پر امدادی ٹیموں کو طلب کر لیا گیا۔


ایس ایس پی اسلام آباد کی تبادلے کی درخواست


ایس ایس پی (سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس) محمد علی نیکو کارا نے اسلام آباد سے تبادلے کی درخواست دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق ایس ایس پی کا سیکریٹری داخلہ سے مکالمہ ہوا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن سے بڑا سانحہ اسلام آباد میں ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ سابق آئی جی آفتاب چیمہ پہلے ہی اسلام آباد پولیس سے اپنا تبادلہ کروا چکے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق کیپٹن (ر) الیاس کو اسلام آباد پولیس میں اسی عہدے پر تعینات کیا جا رہا تھا مگر ان کی جانب سے بھی معذرت کر لی ہے۔

کیپٹن (ر) الیاس کی معذرت کے بعد ایس ایس پی آپریشنز کا عہدہ اضافی طور پر ایس پی ٹریفک پولیس عصمت اللہ جونیجو کو دے دیا گیا ہے۔

قبل ازیں ایک خاتون ڈی ایس پی بھی مستعفی ہو چکی ہیں۔

اس تبادے کے فوری بعد ہی عمران خان نے بھی کارکنا سے خطاب کیا کہ محمد علی نے احتجاج کرنے والوں پر تشدد کرنے سے انکار کیا اب ان کی جگہ مسلم لیگ(ن) کے وفادار پولیس افسر کو اسلام آباد میں تعینات کیا جا رہا ہے۔


لیاقت جتوئی مسلم لیگ(ن) سے مستعفی


مسلم لیگ (ن) کے رہنما لیاقت جتوئی نے پارٹی سے مستعفی ہو گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق لیاقت جتوئی کے ترجمان نے کہا ہے کہ لیاقت جتوئی نے مسلم لیگ (ن) سے استعفی دے دیا ہے۔

یاد رہے کہ لیاقت علی جتوئی سندھ کے سابق وزیر اعلی ہیں انہوں نے نواز شریف کی جلا وطنی کے دوران اپنی جماعت سندھ عوامی اتحاد قائم کر لی تھی البتہ 2013 کے انتخابات کے انہوں نے اپنی جماعت کو مسلم لیگ (ن) میں ضم کر لیا تھا۔


ہلاک ہونے والوں کے پوسٹ مارٹم کیلئے بورڈ تشکیل


اسلام آباد کے پمز اسپتال میں احتجاج کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کے پوسٹ مارٹم کے لیے بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

اس بورڈ میں ڈاکٹر اعجاز، ڈاکٹر نسیم، ڈاکٹر فرخ اور ڈاکٹر شائستہ شامل ہے۔

واضح رہے کہ اب تک اسلام آباد میں احتجاج میں 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔


صحافیوں پر تشدد کی تحقیقات کا حکم


وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ صحافیوں پر تشدد کی تحقیقات کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کے ہمراہ ڈان نیوز کے دفتر کے دورے کے دوران گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ تمام میڈیا چینلز میں معذرت کے لیے جا رہے ہیں، پولیس نے جو میڈیا پر تشدد کیا یہ ہمارا کیس خراب کرنے کی کوشش ہے۔

پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ساتھ معاہدے کے قریب پہنچ چکے تھے، پونے چھ نکات پر تحریک انصاف سے اتفاق ہو چکا تھا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ طاہر القادری نے پہلے کہا پُر امن رہیں اور آخر میں کہا دما دم مست قلندر کرو،عمران خان کی کابینہ نے قادری کے ساتھ جانے سے منع کیا۔

مظاہرین پر تشدد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ فوج مظاہرین پر طاقت کا استعمال کرے، طاقت کا استعمال اس لیے نہیں کیا جا رہا کہ آگے خواتین اور بچے بھی ہیں۔


لاہور: تحریک انصاف کے کارکن وزیر اعلی ہائوس تک پہنچنا شروع


تحریک انصاف کے لاہور میں کارکن پنجاب کے وزیر اعلی ہائوس کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ کارکن حکومت اور وزیر اعلی پنجاب کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔

تحریک انصاف کے کارکنوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔


کراچی میں تحریک انصاف کے دھرنے شروع


پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی احتجاج شروع کر دیا گیا۔

کراچی کی مرکزی شاہراہ شارع فیصل میٹرو پول کے قریب تحریک انصاف کے کارکنوں نے دھرنا دے دیا ہے۔

شہر کی ایک اور چورنگی تین تلوار چورنگی پر بھی پی ٹی آئی کے حامیوں نے دھرنا دے دیا ہے، دونوں مقامت پر ٹریفک معطل ہو گیا ہے۔

یاد رہے کہ نمائش چورنگی پر دیگر جماعتوں کی جانب سے گزشتہ روز ہی دھرنا دے دیا گیا تھا۔


عمران خان کا آنسو گیس سے بچنے کیلئے ماسک میں کارکنان سے خطاب


عمران خان کی بہنوں کو پولیس نے روک لیا


عمران خان کی دونوں بہنوں کو سیکریٹریٹ چوک پر پولیس نے روک لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق عمران خان کی دونوں بہنیں احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کے کارکنان کے لیے کھانا لے کر جا رہی تھیں۔

ان کی جانب سے جب پولیس کو بتایا گیا کہ یہ کھانا تحریک انصاف کے کارکنان کے لیے تو پولیس نے ان کا آگے جانے سے روک دیا۔

ڈان نیوزکے مطابق پولیس کا موقف تھا کہ یہ کارکن پولیس سے لر رہے ہیں اس لیے ان کے لیے کھانا نہیں لے جایا جا سکتا،


جتنی دیر ہوگی معاملہ اتنا خراب ہوتا جائے گا، الطاف حسین


متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ حکومت کو غیرجمہوری طریقہ زیادہ پسند آیا، جتنی دیر کی جائے گی اتنا معاملہ خراب ہوتا جائے گا۔

کارکنان اور ذمہ داران سے ٹیلی فون پر گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ظلم و بربریت کے خلاف پرامن یوم سوگ کا اعلان کی، مسائل کے حل کیلئے حکومت کو کافی تجاویز دیں، اختلاف رائے کو برداشت کیا جائے، موجودہ حکومت کے دور میں ہمارے خلاف آپریشن کیا گیا۔

الطاف حسین نے کہا کہ جمہوریت بچانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی، مظاہرہ کرنے والی جماعتوں کے مطالبات کو سنجیدگی سے سنا جائے،سانحہ ماڈل ٹاؤن کو مس ہینڈل کیا گیا


عمران خان اور جاوید ہاشمی کے راستے جدا،تین ارکان اسمبلی پارٹی سے خارج


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم ہاوس جانے کا فیصلہ کور کمیٹی میں ہوا تھا جس میں صرف جاوید ہاشمی نے اختلاف کیا تھا، جاوید ہاشمی نے کسی کے اشارے پر پارلیمنٹ ہاؤس جانے کے فیصلےکا الزام لگایا، جاوید ہاشمی اور میرے راستے آج سے الگ ہوگئے ہیں۔

اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ قوم جانتی ہے ہمیں صرف ایک اشارہ چاہیے وہ قوم کا اشارہ ہے، اگر میرے پیچھے فوج ہوتی تو میں 17 دن پر امن نہ بیتھا ہوتا پہلے دن ہی ہلا بول دیتا۔

انہوں نے آج کے دن کو فیصلہ کن قرار دیا۔

عمران خان نے کہا کہ جن تین ارکان اسمبلی نے استعفی دینے سے انکار کیا تھا ان سب کو پارٹی سے خارج کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ قوم جانتی ہے ہمیں صرف ایک اشارہ چاہیے وہ قوم کا اشارہ ہے، اگر میرے پیچھے فوج ہوتی تو میں 17 دن پر امن نہ بیتھا ہوتا پہلے دن ہی ہلا بول دیتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں اور ہلاکتوں کا مقدمہ نواز شریف، چوہدری نثار، آئی جی اسلام آباد خالد خٹک اور سعد رفیق کے خلاف درج کرائیں گے، حکومت نے کل بربریت کا مظاہرہ کیا۔

عمران خان نے کہا کہ ایک ڈکٹیٹر نے جمہوریت کی چادر اوڑھی تھی اس کی اصلیت نظر آگئی ہے، جب تک یہ استعفی نے دیتے ہم یہاں سے نہیں جائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے عوام اس ظالم حکمرانوں کے خلاف باہر نکلیں۔


فوج، قادری اور عمران کے کندھوں پر نہیں کھیلے گی،اعتزاز احسن


پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ فوج ، طاہرالقادری اور عمران خان کے کندھوں پر نہیں کھیلے گی۔

ڈان نیوز کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ نواز شریف کا استعفیٰ دینا چاہیے نہ ہی پارلیمنٹ کو تحلیل ہونا چاہیے۔ وزیراعظم کو صرف گرفتار کرکے ہی ہٹایا جا سکتا ہے۔


بعض لوگ مارشل لا کو دعوت دے رہے ہیں،امیر جماعت اسلامی


امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بعض لوگ مارشل لا کو دعوت دے رہے ہیں، آئین پامال کیا گیا تو صوبوں کو اکٹھا کرنا ناممکن ہو جائے گا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ دھرنے میں شریک خواتین اور بچوں کی حفاظت یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

جاوید ہاشمی کے بیان پر انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی کا بیان تحریک انصاف کا اندورنی معاملہ ہے، مسائل کا حل آئین اور جمہوریت کو قائم کرنے میں ہے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ کور کمانڈرز اجلاس سے تشویش نہیں بڑھنی نہیں چاہیئے، سیاستدانوں کے ہاتھ میں کچھ لمحے ہیں، جنہیں ضائع نہیں کرنا چاہیئے۔


حکومت نے اپنا مینڈیٹ متنازع بنا دیا، ایم کیو ایم


متحدہ قومی موونٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایکشن کرکے جائز مینڈیٹ کو متنازع بنا دیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین اب بھی جمہوری اور آئینی حل کی بات کر رہے ہیں لیکن آگے کیا ہو گا سب سے بڑا سوال ہے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے اثرات پورے ملک پر پڑ رہے ہیں، دارالحکومت مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

ان کا دعویٰ تھا کہ ملکی معیشت کو ایک ہزار ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے، ملک میں معاشی بریک ڈاؤن کا آغاز ہو گیا ہے۔ کراچی میں احتجاج پر ان کا کہنا تھا کہ سانحہ اسلام آباد پر آج پُرامن یوم سوگ منایا گیا، ایم کیو ایم کا اس ساری صور تحال سے لاتعلق رہنا ممکن نہیں۔


منگل کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ


وزیر اعظم کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں منگل کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ وزیر اعظم اس اجلاس سے خطاب کریں گے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی صدارت میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ختم ہو گیا ہے۔

نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں قومی معاملات پر اہم فیصلے کیے گئے جبکہ وفقی وزیر داخلہ چوہدری نچار علی خان نے وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی پر بریفنگ دی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق اجلاس میں پارلیمنٹ ہاؤس پر حملے کی شدید مذمت کی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات پرویز رشید سمیت دیگر شریک تھے۔


طاہر القادری کا 13 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ


پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ پہلے بات صرف استعفوں اور ایف آئی آر درج ہونے تک تھی مگر اب بات صرف استعفے پر ختم نہیں ہوگی۔

انہوں نے اسپتال کے ڈاکٹر کے حوالے سے دعوی کیا کہ کل سے اب تک 13 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسلام آباد کارکنوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ساری دنیا میں پرامن احتجاج ہوتے ہیں، کہیں شیلنگ نہیں ہوتی۔

طاہر القادری نے کہا کہ شریف برادران اور پوری کابینہ پر اقدام قتل کا پرچہ کٹے گا، ملک سے درندگی کا خاتمہ کریں گے۔


شیخ رشید کا مریضوں کو زبردستی اسپتالوں سے ڈسچارج کرنے کا الزام


عوامی مسلم لیگ(اے ایم ایل) کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسپتالوں میں داخل مریضوں کو زبردستی ڈسچارج کرنا افسوسناک ہے۔

اسلام آباد میں میدیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں بے گناہوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔


کور کمانڈرز کانفرنس آج شام کو طلب


آرمی چیف کی زیرِ صدارت کور کمنانڈر کانفرنس کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے جس کے بعد اب یہ کانفرنس ہنگامی طور پر آج شام جی ایچ کیو میں طلب کرلی گئی ہے۔


پوری دنیا کی نظرین پاکستان پر ہیں، جاوید ہاشمی


پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما مخودم جاوید ہاشمی نے کہا ہے جو صورتحال اس وقت ہے اس پر پوری دنیا کی نظریں ہیں۔

اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں زیرِ علاج زخمیوں کی عیادت کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔


پی ٹی وی چوک پر تازہ جھڑپ، اہلکار زخمی


اسلام آباد میں پی ٹی وی چوک پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان ایک مرتبہ پھر جھڑپیں شروع ہوگئیں ہیں، جبکہ اطلاعات کے مطابق مزاحمت کرنے پر ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا ہے۔

زخمی پولیس اہلکار کو ایمبولنس ک ذریعے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔

پولیس کی جانب سے مسلسل کارکنوں کو منتشر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اسلام آباد کے ریڈ زون میں کابینہ ڈویژن چوک پر بھی پولیس مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شدید آنسو گیس کی شیلنگ کی جارہی ہے۔


وزیراعظم کی زیرِ صدارت اہم اجلاس جاری


وزیراعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت اہم اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے جس میں موجودہ سیاسی بحران پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان، سعد رفیق، عبدالقادر بلوچ اور خواجہ آصف سمیت دیگر شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں آئندے کے حکومتی لائحہ عمل کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف اتوار کی صبح لاہور سے ہنگامی طور پر اسلام آباد پہنچے تھے۔


آگے بڑھنے کے فیصلے پر اختلاف تھا، جاوید ہاشمی


پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے حکومت سے تشدد بند کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے انہیں یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ آگئے کی جانب نہیں جائیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ اس کے باوجود عمران خان آگے گئے اور مجھے اس فیصلے پر اختلاف تھا۔

جاوید ہاشمی نے عمران خان سے ریڈ زون سے واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'خان صاحب آپ واپس آجائیں میں آپ کے ساتھ کھڑا ہو جاؤں گا'۔

انہوں نے جھڑپوں میں میڈیا پر ہونے والے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال اب اتنی خراب ہے کہ مظاہرین کو کھانے اور دیگر ضروری اشیاء بھی فراہم نہیں کرنے دی جارہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران خان سے کہا تھا کہ اگر ہم آگے کی جانب گئے تو تصادم ہوگا، لیکن مجھے کہا گیا کہ اگر آپ کو اختلاف ہے تو واپس چلے جائیں۔


چوہدری نثار اور نواز شریف کے خلاف مقدمہ درج کریں گے، عمران خان


پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی آمریت کا پول کھل چکا ہے اور انہوں نے پارلیمنٹ کے اندر سب کے سامنے جھوٹ بلا اور آج بھی جھوٹ بول رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ آج ہم نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیرداخلہ چوہدری نثار کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام حکومت کے خلاف بغاوت کریں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا جمہوریت کا حق ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آج ایک اہم دن ہے اور کسی بھی طرح وہ یہاں پہنچیں۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے آنے سے پہلے فیصلہ کیا تھا آزادی یا موت۔

انہوں نے دعوی کیا کہ پولیس اہلکاروں نے پمز ہسپتال میں داخل ہوکر زخمی کارکنوں کو گرفتار کرنے کی بھی کوششیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی آج سڑکوں پر نکل آئیں اور ہم موت کے لیے تیار ہیں، آزادی نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ نواز شریف کے استعفے کے بغیر وہ واپس نہیں جائیں گے۔


پنجاب میں دفعہ 144 نافذ


محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق اس کے تحت پانچ افراد کے ایک ساتھ چلے پر پابندی عائد ہوگی۔



وزیراعظم نواز شریف ہنگامی طور پر اسلام آباد روانہ


وزیراعظم نواز شریف ہنگامی طور پر آج لاہور سے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

خیال کیا جارہا ہے کہ اسلام آباد کی موجودہ خراب صورتحال اور جھڑپوں کے پیشِ نظر نواز شریف ایک روز قبل ہی اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

واضح ہے کہ پروگرام کے مطابق وزیراعظم کو کل اسلام آباد کے لیے روانہ ہونا تھا۔


اسلام آباد میں جھڑپیں، ہلاکتوں کی تعداد تین ہوگئی


پمز ہسپتال کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ کے مطابق ہسپتال میں زیرِ علاج عوامی تحریک کا ایک اور کارکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئےچل بسہ ہے۔

اس کے بعد رات سے جاری ان پرتشدد جھڑپوں می ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب تین ہوگئی ہے، جبکہ چار سو سے زائد زخمی اسلام آباد کے مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔


'میڈیا پر تشدد کا خود گواہ بنوں گا'


وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وہ ریڈ زون میں میڈیا کی ٹیموں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں اور اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آج مظایرین کو نہ کنٹرول کیا گیا تو ایسے واقعات مستقبل میں بھی ہوتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو کنٹرول کرنا حکومت کا کام ہے۔


پاک سیکریٹریٹ میں میڈیا پر پھر تشدد


اسلام آباد کے ریڈ زون میں واقع پاک سیکریٹریٹ میں پولیس کی جانب سے ڈان نیوز سمیت متعدد نجی ٹی وی چینلز سے منسلک ٹیموں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے مظاہرین کے لیے کھانے لے جانے والی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔

پولیس کے لاٹھی چارج سے مزید ایک کیمرہ مین زخمی ہوگیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق زخمی ہونے کیمرہ میں کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


'جھڑپیں وہی ختم کریں گے جنہوں نے اس کا آغاز کیا'


وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ جھڑپوں کو وہ ہی ختم کرسکتے ہیں، جنہوں نے اس کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس وقت کارروائی کی جب مظاہرین نے ریڈ لائن کو کراس کیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مظاہرین کو وزیراعظم ہاؤس میں داخل ہونے سے روکنے کا حکومت کے پاس اور کوئی راستہ نہیں تھا۔


پمز میں 223 زخمی لائے گئے، ہسپتال انتظامہ


پمز ہسپتال کے وائس چانسلر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں 223 زخمی لائے گئے اور اب بھی ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا کہ تقریبا 13 زخمی ایسے ہیں جن کی سرجری کی گئی ہے۔

ان کا کہنا 55 خواتین و مرد آنسو گیس سے متاثر ہیں۔

مریضوں کی حالت کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر زخمیوں کو چہرے اور ٹانگوں پر چوٹیں آئیں ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کچھ ایسے مریض ہیں جن کو اب طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا ہے۔


حل کے لیے فریقین سے رابطے میں ہوں، سراج الحق


جماعتِ اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ وہ فریقین سے مسلسل رابطے میں ہیں اور کوشش یہی ہے کہ سیاسی بحران کا کوئی حل نکانہ جائے۔

ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی آنے جانے سے معاملات مزید خراب ہوئے۔

انہوں نے تجویز دی کہ فریقن کو چاہیے کہ وہ جماعتِ اسلامی کے فارمولے پر عمل کریں۔

ان کا کہنا تھا اس وقت بھی اگر ملکر نہیں بیٹھے تو اختلافات اسلام آباد میں نہیں رہیں گے۔

انہوں نے شاہراہ دستور پر گزشتہ رات سے جاری جھڑپوں اور تصادم کو شرمناک قرار دیا۔


اندرونِ سندھ بھی یومِ سوگ


کراچی کے علاوہ سندھ کے کئی شہروں میں بھی ایم کیو ایم کی کال پر یومِ سوگ منایا جارہا ہے۔

سندھ دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں کاروبار اور دکانیں بند ہیں، جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے۔

اسی طرح جیکب آباد سمیت دیگر اضلاع میں بھی اسلام آباد میں جھڑپوں کے خلاف یوم سوگ منایا جارہا ہے۔


وزیراعظم کو شاہراہ دستور پر پیش آنے والے واقعے کی رپورٹ پیش کردی گئی


وزیراعظم نواز شریف کو شاہراہ دستور پر پیش آنے والے واقعے کی رپورٹ پیش کردی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق واقعہ ایوان صدر پر مظاہرین کادھاوا بولنے پر پیش آیا۔


ریڈ زون میں مزید اہلکار تعینات


اسلام آباد کے ریڈ زون میں مظایرین کو روکنے کے لیے مزید تازہ دم دستے پہنچ گئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں سے تقریبا پانچ ہزار اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاک سیکریٹریٹ پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں جاری ہیں، جبکہ اس دوران دونوں جانب سے پتھراؤ کیا جارہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ کسی صورت بھی مظاہرین کو وزیراعظم ہاؤس میں داخل ہونے نہیں دیں گے۔

ذرائع کے مطابق تازہ جھڑپوں کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہوتی جارہے۔


حکمرانوں پر قتل کے مزید مقدمات قائم کرینگے، طاہر القادری


پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں پر قتل کے مزید مقدمات قائم کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ شریف برادران کو رائیونڈ سے بھاگنے کی جگہ نہیں ملے گی جبکہ یہ جنگ عمران خان اور ہماری مشترکہ ہے۔

ڈاکٹر قادری نے کہا کہ ریاستی جبر اور زیادتی کی انتہا ہوگئی ہے جبکہ حکمران بھول جائیں کہ ہم واپس چلے جائیں گے۔

ان کے مطابق ساری رات کارکنوں پرتشدد کیا لیکن پسپا نہیں کرسکے جبکہ پرامن رہنے والوں کو کمزور سمجھا گیا۔

اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کے کردار کو بھی سراہا۔


اسلام آباد جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد دو ہوگئی


اسلام آباد میں پاکستان اسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ اسانی نے کہا ہے کہ کہا ہسپتال میں لائے گئے زخمیوں میں اب تک دو زخموں تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ہیں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دو شدید زخمیوں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت گلفام عادل کے نام ہوئی، جس کو شدید زخم آئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک اور شدید زخمی رفی اللہ کے نام سے ہوئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آنسو گیس کی شیلنگ کی وجہ سے متعدد بچے اور خواتین کو ہسپتال لایا گیا، جنہیں اس وقت طبی امداد دی جارہی ہے۔


صورتحال کا درمیانی راستہ نکالا جائے، رحمان ملک


سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ گزشتہ رات اسلام آباد میں ہونے والے تصادم کی مذمت کرتے ہوئے کہا حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد اس سیاسی بحران کو سنجیدہ لیں اور معاملے کو حل کرنے کے لیے کوئی درمیانی راستہ نکالا جائے۔


پوری دنیا میں پاکستان کا مذاق اڑایا جارہا، عابد شیر علی


وزیر مملکت اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما عابد شیر علی نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کے ساتھ پولیس کی جھڑپوں کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی اے ٹی نے پارلیمنٹ ہاؤس پر یلغار کی جبکہ میڈیا پر تشدد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہاتھوں میں ڈنڈ، ہتھوڑے، کٹر لیکر پرامن مظاہرے نہیں ہوتے۔


پی ٹی آئی کا جھڑپوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمد قریشی نے کہا کہ ان کی جماعت گزشتہ رات ہونے والی جھڑپوں کے بعداب قانونی کارروائی کرنےپر غور کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا اتوار کی اعلی الصبح ہونے والے پارٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آج ان افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا جو پی ٹی آئی کے کارکنوں پر تشدد کرنے میں ملوث ہیں۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکن پر امن تھے اور پولیس کی جانب سے ان پر تشدد کیا گیا۔

شاہ محمد قریشی نے کہا کہ آج صبح پارٹی کے اہم اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اگر اس واقعہ کی ایف آئی آر درج نہ کی گئی تو عدالت تک جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی کوشش تھی معاملے کو آئین و قانون کے مطابق حل کیا جائے اور ہم حکومت کے جواب کے منتظر تھے ۔


اسلام آباد کی سیکیورٹی مزید سخت


مظاہرین کو روکنے کے لیے دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے، جبکہ وزیراعظم ہاؤس کے اطراف ریڈ زون کے علاقے میں کنٹینرز لگا کر سیل کیا جارہا ہے۔


غذائی قلت سے مظاہرین کی مشکلات میں اضافہ


اسلام آباد میں گزشتہ 17 روز سے دھرنے دیے ہوئے تحریکِ انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں کی پولیس کے ساتھ جھڑپ کے بعد حالات مزید گیشدہ ہوگئے ہیں، جبکہ مظاہرین کو غذائی اشیاء کی قلت کی وجہ س شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔


اتوار کی صبح بھی اسلام آباد میں پی ٹی آئی اور عوام تحریک کے کارکنوں کی پولیس کے ساتھ جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
اتوار کی صبح بھی اسلام آباد میں پی ٹی آئی اور عوام تحریک کے کارکنوں کی پولیس کے ساتھ جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

اسلام آباد: حالات کشیدہ، پٹرول پیٹرول پمز بند


اسلام آباد میں رات سے جاری جھڑپوں کے بعد صبح بھی حالات کشیدہ ہیں، جبکہ شہر پیٹرول پمز بند ہونے سے شہروں کو بھی سخت مشکالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


رات سے جاری جھڑپوں میں 400 سے زائد زخمی


اسلام آباد میں تحریکِ انصاف اور پی اے ٹی کے کارکنوں کی پولیس کے ساتھ جھڑپ میں کم سے کم 400 سو افراد زخمی ہوئے ہیں، جن کو اسلام آباد کے مختلف ہسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔

زخمی ہونے والوں میں کارکنوں کے علاوہ پولیس اہلکار اور صحافی بھی شامل ہیں۔

لاٹھی چارج اور جھڑپ کے دوران میڈیا کی ٹیموں کو بھی سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور اس دوران ڈان نیوز کے دو کیمرہ مین بھی زخمی ہوئے ہیں۔


یوم سوگ: کراچی میں معمولاتِ زندگی متاثر


کراچی میں ایم کیو ایم کی جانب یومِ سوگ کے اعلان کے بعد آج صبح سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں سے غائب ہے۔

نمائش چورنگی پر مجلس وحدتِ مسلمین کی دھرنا جاری ہے، جبکہ تحریکِ انصاف نے اتوار کو شہر کی اہم شہروں میں دھرنوں کا اعلان کیا ہے۔

مجلس وحدتِ مسلمین کی جانب سے دھرنے کی وجہ سے نمائش چورنگی کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔


اسلام آباد کے مختلف ہسپتالوں میں تین سو سے زائد زخمی


گزشتہ رات پاکستان تحریکِ انصاف اور پی اے ٹی کارکنوں کی پولیس کے جھڑپوں کے دوران اب تک اسلام آباد کے مختلف ہسپتالوں میں 350 سے زائد زخمی منتقل کیے گئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق پمز ہسپتال میں رات سے اب تک دو سو سےزائد زخمی لائے گئے ہیں، جبکہ ایک لاش بھی پمز ہسپتال میں منتقل کی گئی ہے جس کی شناخت نوید رزاق کے نام سے ہوئی ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق نوید کی ہلاکت پیٹ میں پانی بھرنے سے ہوئی ہے۔

تصادم میں زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے بتایا جارہا ہے۔


اسلام آباد: ریڈ زون میں جنگ کا منظر


مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں صبح بھی جاری

پاکستان تحریکِ انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنون کی آج صبح بھی پولیس کے ساتھ تازہ جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی صورت کارکنوں کو وزیراعظم ہاؤس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

جھڑپوں کا مرکز اب پاک سیکریٹریٹ ہے، جہاں پر سیکیورٹی کو بھی مزید سخت کردیا گیا ہے۔

لاٹھیوں اور ہتھروں سے لیس پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے کاکنان آگے بڑھنے کی کوشش کررہے ہیں۔

سیکورٹی فورسز کیا جانب مظاہرین کو روکنے کے لیے شدید شیلنگ کی جارہی ہے۔


پولیس کی جانب سے میڈیا پر تشدد


ڈان نیوز کے مطابق میڈیا کے نمائندوں کو ہدایات دی جارہی ہیں کہ مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کی کوریج نہ کی جائے۔

ڈان نیوز کے نمائندے یاسر ملک کے مطابق آئی اسلام آباد نے میڈیا کو کوریج کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔


پاکستان کیلیے افسوسناک اور شرمناک دن، بلاول بھٹو


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر مسئلے کا حل نکالیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلیے یہ افسوسناک اور شرمناک دن ہے۔

انہوں نے پارٹی کارکنان کو ہدایت کیا کہ زخمی کارکن اور اہلکاروں کوخون عطیہ کیا جائے۔


مظاہرین کے ہاتھوں پولیس اہلکار پر تشدد

آخری وقت تک نواز شریف کا مقابلہ کریں گے، عمران خان


پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ آخری وقت تک وزیراعظم نواز شریف کا مقابلہ کیا جائے گا جبکہ حکمرانوں کا نام ای سی ایل میں ڈلوائیں گے۔

اسلام آباد میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو جمہوریت کی نہیں کرسی کی فکر ہے اور یہ سب کچھ کرسی بچانے کیلئے ہی کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار پر مقدمہ درج کرائیں گے جبکہ 'شہیدوں' کی قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی۔

پی ٹی آئی سربراہ کے مطابق سارےپاکستانی یہاں پہنچیں جبکہ پولیس کے کپڑوں میں گلوبٹ موجود ہیں جب کا مقابلہ کریں گے۔


تحریک انصاف، عوامی تحریک نے انقلاب کیلئے ہاتھ ملا لیے، پرویز خٹک


وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی انقلاب کے لیے حکمت عملی مشترکہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب ہم بھی انقلابی ہوگئے ہیں جبکہ چور، ڈاکوؤں کی وجہ سے فوج اور پولیس بھی بدنام ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن چوری کیا گیا، جس کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم ہاؤس ضرور جائیں گے۔


پولیس شیلنگ سے پانی کے گڑھےمیں گرنے سے تحریک انصاف کا کارکن ہلاک


اسلام آباد میں پولیس کی جانب سے مظاہرین پر شیلنگ جاری ہے جس کے باعث ایک پینتالیس سالہ شخص پانی کے گڑھے میں گرنے سے ہلاک ہوگیا۔

ڈان نیوز کے نمائندے کے مطابق تحریک انصاف کے کارکن نوید رزاق پولیس کی شیلنگ سے بچنے کی کوشش کررہے تھے کہ ریڈ زون میں ایک نالے میں گر گئے۔

انہیں ہپستال لے جایا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سے جاری ان جھڑپوں کے دوران اب تک کی یہ پہلی موت کی تصدیق ہوئی ہے۔

یہ گڑھا اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کے لیے بنایا گیا تھا۔


الطاف حسین اور اسحاق ڈار کا ٹیلی فون پر رابطہ


متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اور سینیٹر اسحاق ڈار کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی موجودہ تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے الطاف حسین کو اسلام آباد میں پیش آنے والے واقعات سے متعلق آگاہ کیا۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ مظاہرین پر فائرنگ، شیلنگ اور تشدد غیر نامناسب اور افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے تھا۔

متحدہ کے قائد کے مطابق وزیراعظم معاملات کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں اور جائزمطالبات پر توجہ دیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ہوشمندی سے کام لے اور عوام کے جذبات کو ٹھنڈا کرے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں

Aug 31, 2014 12:03pm
Suggestion time is over now retaliation has started and there is no end to this......people may be pushed out by force from capital but Pakistan will change now. No one can stop it to happen.