اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے عمران خان سے ریڈ زون سے واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'خان صاحب آپ واپس آجائیں میں آپ کے ساتھ کھڑا ہو جاؤں گا'۔

اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کو پریڈ گراؤنڈ سے وزیر اعظم ہاؤس کی طرف نہ جانے کا مشورہ دیا تھا اور عمران خان نے وعدہ بھی تھا کہ وہ آگے نہیں جائیں گے۔

جاویدہاشمی نے کہا کہ وہ عمران خان کو تمام وعدے یاد دلانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بعد میں شیخ رشید اور ایک صاحب عمران خان کے لیے پیغام لے کر آئے جس پر انہوں نے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ان سے کہا کہ 'مجبوری ہے آگے جانا ہوگا، ہاشمی صاحب اگر آپ کو اختلاف ہے تو آپ واپس چلے جائیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی اور انہوں نے عمران خان سے کہا تھا کہ اگر ہم آگے کی جانب گئے تو تصادم ہوگا۔

انہوں نے حکومت سے تشدد بند کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے طرز حکومت سے جمہوریت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے جھڑپوں میں میڈیا پر ہونے والے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال اب اتنی خراب ہے کہ مظاہرین کو کھانے اور دیگر ضروری اشیاء بھی فراہم نہیں کرنے دی جارہی ہیں۔

پی ٹی آئی صدر نے کہا کہ مسلم لیگ ان کی جماعت ہے اور وہ اسے آج بھی اپنی پارٹی کہتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں