آسٹریلیا کو زمبابوے کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست

31 اگست 2014
زمبابوے کے کپتان ایلٹن چگمبرا کا میچ میں فتح کے بعد ایک انداز۔ فوٹو اے ایف پی
زمبابوے کے کپتان ایلٹن چگمبرا کا میچ میں فتح کے بعد ایک انداز۔ فوٹو اے ایف پی

ہرارے: زمبابوے نے سہ ملکی سیریز کے چوتھے ون ڈے میں آسٹریلیا کو تین وکٹوں سے اپ سیٹ شکست دے کر 31 سال میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

ہرارے میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے چوتھے ون ڈے میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا جو غلط ثابتے ہوا۔

زمبابوے کے باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے آگے آسٹریلیا کے بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا رہا، آسٹریلوی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں پر 209 رنز بناسکی، مائیکل کلارک اڑسٹھ اور بریڈ ہیڈن انچاس رنز بناکر نمایاں رہے۔

زمبابوے کے اُتسیا، ٹری پانو اور ویلیمز نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں زمبابوے نے 48ویں اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کرکے کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور اپ سیٹ کردیا۔

فاتح ٹیم کے ایلٹن چگمبورا باون رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ پراسپر اتسیا 30 اور برینڈن ٹیلر 30 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بلے باز رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لایون نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

ایک روزہ کرکٹ میں زمبابوے نے آسٹریلیا کے خلاف 31 سال بعد پہلی کامیابی ہے، اس سے قبل 1983 میں زمبابوے نے آسٹریلیا کے ساتھ ایک روزہ کرکٹ میں ہونے والے اپنے پہلے مقابلے میں اسے شکست سے دوچار کیا تھا تاہم اس کے بعد اسے مسلسل 27 مقابلوں میں آسٹریلین ٹیم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

سیریز کا اگلا میچ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان دو ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

انور امجد Aug 31, 2014 10:36pm
چلیں سری لنکا سے سیریز ایک کے مقابلے میں دو سے ہارنے کا غم کچھ کم ہوا. آسٹریلیا کی زمبابوے کے ہاتھوں شکست حیران کن ہے.