اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان نے پیر کو پیش قدمی کرتے ہوئے سرکاری ٹی وی چینل پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک (پی ٹی وی) پر حملہ کیا اور عمارت کے اندر داخل ہوگئے۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق مظاہرین نے پی ٹی وی کی عمارت میں توڑ پھوڑ شروع کردی، جس کے باعث پی ٹی وی نیوز اور پی ٹی وی ورلڈ کی نشریات معطل ہو گئیں۔

مظاہرین کو روکنے اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے فوج کی مزید نفری طلب کرلی گئی، جنہوں نے پی ٹی وی کے مرکزی اسٹیشن کا کنٹرول سنبھال کر مظاہرین کو پی ٹی وی کی عمارت سے باہر نکالا۔

کچھ ہی دیر بعد پی ٹی وی نیوز اور پی ٹی وی ورلڈ کی نشریات بحال کر دی گئیں۔

پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان نے واقعے کے بعد اپنے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی کارکن پی ٹی وی کی عمارت میں داخل ہوا، وہ ہمارا نہیں۔

انہوں نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ پُرامن رہیں اور جو کارکنان اس وقت پی ٹی وی کی عمارت میں موجود ہیں وہ نہ تو پی ٹی آئی کے ہیں اور نہ ہی عوامی تحریک سے ان کا تعلق ہے۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق مظاہرین پی ٹی وی کی عمارت میں داخل ہو کر تصویریں کھنچواتے رہے جبکہ دھرنا دینے والی جماعتوں کے قائدین اپنے خطابات میں میڈیا کے کردار کو سراہنے کے ساتھ ساتھ کارکنوں کو پُرامن رہنے کی تلقین کرتے رہے۔

ڈان نیوز کے مطابق مظاہرین اس وقت پی ٹی وی چوک کے باہر دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں