ہاشمی کے الزامات بے بنیاد ہیں، پی ٹی آئی

01 ستمبر 2014
— عارف علوی کی فائل فوٹو
— عارف علوی کی فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پیر کو موجودہ سیاسی بحران میں مسلح افواج کی حمایت حاصل کرنے کے حوالے سے تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی کے الزامات کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے فوج کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی کوئی خفیہ ایجنڈا ہے۔

اگر ہاشمی کا خیال ہے کہ پی ٹی آئی فوج کے ساتھ رابطے میں ہے توپھر انہیں فوری طور پر استعفی دے دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہاشمی کے الزامات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔

ہاشمی لا علم تھے، عارف علوی

جاوید ہاشمی کے چونکا دینے والے انکشافات کے کچھ دیر بعد ڈان سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے کہا کہ وہ سینیئر سیاستدان کی طرف سے کسی اسکرپٹ سے متعلق گفتگو سے لاعلم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی ہر چیز میں ہمارے ساتھ تھے جب ہم شاہراہ دستور سے وزیر اعظم ہاؤس منتقل ہو رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قادری کو شامل کرنے کا فیصلہ پارٹی کی طرف سے کیا گیا تھا نہ کہ کسی تیسرے فریق کے کہنے پر۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے خان صاحب سے تیسری قوت کے بارے میں کبھی کچھ نہیں سنا۔

عمران خان کے سپریم کورٹ سے متعلق ریمارکس کے حوالے سے جاوید ہاشمی کے انکشاف کا ذکر کرتے ہوئے علوی نے کہا کہ میں چیف جسٹس سے متعلق گفتگو کے بارے میں نہیں جانتا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ وہ ہاشمی کی عزت کرتے ہیں اور انہیں معلوم نہیں کہ ہاشمی کو یہ اطلاعات کہاں سے آئیں۔

میرا نہیں خیال کہ انہوں نے یہ باتیں کہاں سے ایجاد کیں یا شاید وہ لا علم ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں