یہ انکشاف کہ آپ جس شخص کو باپ اور خاتون کو ماں مانتے ہیں وہ درحقیقت آپ کے والدین ہی نہیں تو کیسا زبردست دھچکا محسوس ہوگا؟ اپنے حقیقی والدین کی تلاش اور ایک لڑکی کو پانے کی جدوجہد کسی فرد کی زندگی پر کیا اثرات مرتب کرسکتی ہے یہی ہم ٹی وی کے ڈرامہ سیریل 'لا' کا بنیادی خیال تھا۔

'لا' حالیہ برسوں میں پہلا ڈرامہ ہے جو ماضی کی طرح تیرہ اقساط میں ہی اختتام پذیر ہوگیا اور یہ ایک خوشگوار تبدیلی ہی کہا جاسکتا ہے کہ کیونکہ بیشتر ڈراموں میں کہانی کو اتنا لمبا کھینچا جاتا ہے کہ ان کا اسکرپٹ بے کار محسوس ہونے لگتا ہے۔

'لا' رواں برس کے چند بہترین ڈراموں میں سے ایک مانا جاتا ہے جس کی وجہ اس کی منفرد کہانی اور اداکاروں کی بہترین اداکاری تھی۔

سکرین شاٹ
سکرین شاٹ

’لا‘ کی کہانی دانیال (میکال ذوالفقار) اور نینا (سعدیہ خان) کے گرد گھومتی ہے، دانیال ایک زندہ دل نوجوان ہے جو اعلیٰ تعلیم کے لئے امریکا جانے والا ہے۔ اس دوران ایک دن دانیال کے والد کے دوست اپنی فیملی کے ساتھ ان کے گھر رہنے آجاتے ہیں اور یوں دانیال کی ملاقات نینا سے ہوتی ہے۔

مذاق ہی مذاق میں دانیال دوستوں سے شرط لگا لیتا ہے کہ وہ نینا کو اپنی محبت کے جال میں پھنسا سکتا ہے، شرط کی خاطر ہی وہ نینا کے قریب ہوتا چلا جاتا ہے۔

نینا دانیال کی زندہ دلی اور خوش مزاجی سے متاثر ہو کر اس سے محبت کرنے لگتی ہے اور اپنی امی کے سامنے دانیال کا ذکر کرتی ہے، لیکن نینا کی امی اس کی شدید مخالفت کرتی ہیں کیونکہ وہ نینا کی شادی ایک سید گھرانے میں کرنے کی خواہشمند ہیں۔

کہانی اس وقت ایک نیا موڑ لیتی ہے جب دانیال بھی نینا سے محبت کرنے لگتا ہے، لیکن وقت اور حالات انہیں ایک دوسرے سے دور کر دیتے ہیں۔

کہانی اس وقت مزید دلچسپ ہو جاتی ہے جب دانیال کو اپنے ماضی کے بارے میں ایک نئی حقیقت معلوم ہوتی ہے کہ جن افراد کو وہ اپنے والدین سمجھتا ہے درحقیقت وہ اس کے والدین نہیں، جس کے بعد وہ اپنے حقیقی والدین کی تلاش اور اندرونی سکون کے لیے ایک نئے راستے پر چل پڑتا ہے جس کے دوران اسے ایک شخص کے قتل کے الزام میں جیل بھیج دیا جاتا ہے جو اس نے کیا ہی نہیں ہوتا۔

لیلیٰ زباری ڈرامے میں وکیل کا کردار نبھاتی نظر آئیں
لیلیٰ زباری ڈرامے میں وکیل کا کردار نبھاتی نظر آئیں

پھر پتہ چلتا ہے کہ دانیال ایک جاگیردار باپ اور وکیل ماں کا بیٹا ہے اور اس کی ماں ہی اسے قتل کے مقدمے میں قاتل ثابت کرنے کی کوشش کر رہی ہوتی ہے جبکہ اصل قاتل اس کا سوتیلا بھائی دلاور ہوتا ہے۔

رابعہ نورین ڈرامہ سیریل
رابعہ نورین ڈرامہ سیریل 'لا' کے ایک منظر میں

روایتی جاگیردارانہ ذہنیت اور معاشرتی مسائل کو اجاگر کرتا یہ ڈرامہ مجموعی طور پر ناظرین پر اپنی گرفت شروع سے آخر تک مضبوطی سے قائم رکھے رہا، اس کی کچھ اقساط بہت زبردست ثابت ہوئیں اور انہیں دیکھتے ہوئے لگتا تھا کہ یہ ایک منی فلم ہے۔

خاص طور پر دانیال کا لاہور سے کراچی اور واپس جانے کا سفر ناظرین کے لیے کافی دلچسپی کا باعث رہا۔

تاہم ڈائریکٹر اگر جزئیات پر توجہ دیتے تو وہ اس ڈرامے کو اور بہتر بنا سکتے تھے پھر بھی اس ڈرامے میں دانیال اور نینا کی محبت انگوٹھی میں نگینے کی طرح فٹ نظر آتی ہے۔

مگر اس کی سب سے مضبوط چیز کرداروں کے ساتھ جذباتی وابستگی قائم ہوجانا تھی جبکہ پورے ڈرامے میں مختلف کہانیوں کو مرکزی پلاٹ کے ساتھ بہت خوبصورتی سے جوڑے رکھا گیا جو مصنف اور ہدایتکار کا کمال ہی کہا جاسکتا ہے۔

قوی خان نے ہمیشہ کی طرح اپنے کردار کے ساتھ بھر پور انصاف کیا
قوی خان نے ہمیشہ کی طرح اپنے کردار کے ساتھ بھر پور انصاف کیا

ڈرامے کے کردار اور ان کی کہانیاں بہت دلچسپ تھی اور میکال ذوالفقار کو ایک مختلف کردار میں دیکھنا ایک اچھا تجربہ ثابت ہوتا ہے جبکہ ریحان شیخ، سبرین ہسبانی، قوی خان اور دیگر اپنے اپنے کرداروں سے انصاف کرتے نظر آئے۔

مگر نینا کے کردار میں سعدیہ خان کو ڈرامے کی سب سے کمزور کڑی قرار دیا جا سکتا ہے جن کی اداکاری کافی ناقص ثابت ہوئی۔

اس ڈرامے کی کہانی میں چھپا اسرار کا پردہ اور منفرد کہانی نے ہدایتکار کی کمزوریوں کے باوجود اسے ناظرین میں مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس ڈرامے کی کہانی تحریر کی تھی سرمد صہبائی نے جبکہ اس کی ہدایات فاروق رند نے دیں، اس کی کاسٹ میں شامل تھے میکال ذوالفقار، سعدیہ خان، سیمی راحیل، رابعہ نورین، خالد ملک، طاہر ساقی، سبرین ہسبانی، لیلیٰ زبیری، ریحان شیخ اور قوی خان۔

حرف آخر

آخر میں بس یہی کہنا چاہوں گی کہ ڈرامہ پرفیکٹ نہیں بھی تھا تو بھی یہ ان ڈراموں میں سے ایک ضرور تھا جسے دیکھ کر بیزاری کا احساس نہیں ہوتا جبکہ اس کے اختتام میں دانیال کا اپنے رضاعی والدین کی جانب لوٹ جانا کافی خوشگوار احساس کا باعث بنتا ہے۔

تبصرے (2) بند ہیں

Momna Sep 03, 2014 02:44pm
you are forgetting the music. The qawali used in this drama is so beautiful la hasb nasab
Muhammad Azeem Sep 04, 2014 01:14pm
The serial was good but so so, and Sadia need to improve her acting, and OST was awesome,thats all