شیراپووا یو ایس اوپن سے باہر، جوکووچ کی پیش قدمی جاری

اپ ڈیٹ 02 ستمبر 2014
جوکووچ کا میچ میں فتح کے بعد ایک انداز۔ فوٹو اے پی
جوکووچ کا میچ میں فتح کے بعد ایک انداز۔ فوٹو اے پی

نیویارک: ٹینس اسٹار ماریا شیراپووا یو ایس اوپن ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد باہر ایونٹ سے باہر ہوگئی ہیں جبکہ وینس ولیمز، نوواک جوکووچ، اینڈی مرے اور سرینا ولیمز نے اگلے راؤنڈ تک رسائی حاصل کر لی۔

نیویارک میں سال کے آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن میں مینز سنگلز کے تیسرے راؤنڈ میں فرانس کے جائلز سیمون نے اسپین کے فورتھ سیڈڈ کھلاڑی ڈیوڈ فیرر کو اپ سیٹ شکست دی، سیمون نے سخت مقابلے کے بعد 6-3، 3-6، 6-1 اور 6-3 سے فتح سمیٹی۔

سربیا کے نوواک جوکووچ نے فلپ کول اسکرائیبر کو 6-1، 7-5 اور 6-4 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں ان کا مقابلہ پرانے حریف اینڈی مرے سے ہو گا۔

اس سے قبل اینڈی مرے نے فرانس کے جو ولفریڈ ٹی سونگا کو 7-5، 7-5 اور 6-4 سے اسٹریٹ سیٹ میں شکست دے کر آخری آٹھ کھلاڑیوں میں جگہ بنائی۔

اس سے قبل مرے اور جوکووچ چار بار آمنے سامنے آئے اور دونوں نے دو دو مقابلے اپنے نام کیے۔

خواتین کے مقابلوں میں روس کی ماریا شیراپوا کا سفر پری کوارٹرفائنل میں ختم ہوگیا، انہیں ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی نے 6-4، 2-6 اور 6-2 سے شکست دی۔

لگاتار تیسرا یو ایس اوپن ٹائٹل جیتنے کی خواہشمند امریکا کی سرینا ولیمز نے ایستونیا کایا کنیپی کو 6-3 اور 6-3 سے شکست دے کر ٹائٹل کی جانب کامیاب پیش قدمی جاری رکھی۔

اس کے علاوہ سوئٹزرلینڈ کے اسٹین واورنکا، جاپان کی کائی نشی کوری اور وکٹوریا آزرینکا نے بھی اگلے راؤنڈ تک رسائی حاصل کر لی۔

تبصرے (0) بند ہیں