تربت: ضلع کیچ میں اسکول نذرِ آتش

اپ ڈیٹ 03 ستمبر 2014
۔ —. فائل فوٹو
۔ —. فائل فوٹو

کوئٹہ/گوادر: تاحال نامعلوم الجہاد تنظیم کے کچھ مسلح مذہبی جنونیوں نے کل بروز منگل کو تربت کے ضلع کیچ کے ایک علاقے میں ایک نجی انگلش میڈیم اسکول کو نذرِ آتش کردیا۔

انہوں نے الجہاد کے نام سے اس اسکول اور علاقے میں پمفلٹس بھی پھینکے ہیں، جن میں بالنیگور کے علاقے کے لوگوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو انگلش میڈیم اسکولوں میں انگلش پڑھنے کے لیے بھیجنے سے باز رہیں، اور انہیں اس کے لیے ایسے نتائج کی دھمکی بھی دی، جس کی وضاحت نہیں کی گئی ۔

پمفلٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ ’’انگلش کی تعلیم کے لیے لوگوں کو اپنے بچوں کو اسکولوں یا انگلش لینگویج سینٹرز میں نہیں بھیجنا چاہیٔے۔‘‘

اس میں لوگوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو صرف مذہبی تعلیم حاصل کرنے کے لیے مدرسوں میں بھیجیں۔

وزیرِ اعلٰی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے ہیں کہ وہ تمام اسکولوں، لینگویج سینٹرز، طالبعلموں اور ان کے والدین و اساتذہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔

سرکاری ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ یہ واقعہ اس ضلع کے علاقے بالنیگور میں پیر کی رات کو پیش آیا، جب ان دہشت گردوں نے اسکول کے احاطے میں گھس کر چوکیدار کو قابو میں کیا اور عمارت کو آگ لگادی۔

اسکول کے پرنسپل جمال احمد نے ڈان کو بتایا کہ اس اسکول میں دو سو لڑکے اور لڑکیاں تعلیم حاصل کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا ’’مجھے نامعلوم افراد کی جانب سے پچھلے آٹھ مہینوں سے دھمکیاں مل رہی تھیں، لیکن ان دھمکیوں کے باوجود ہم نے کلاسیں جاری رکھیں۔‘‘

جمال احمد نے بتایا کہ لائبریری کی تمام کتابیں، فرنیچر اور کمپیوٹر جل گیا ہے، انتظامیہ کو مجبور کیا جارہا ہے کہ فی الوقت اسکول بن کردیا جائے۔

تربت کے اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ کھوسو نے ڈان کو بتایا کہ اس اسکول کی عمارت آگ سے تباہ ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا ’’کیچ ڈسٹرکٹ میں کسی نجی انگلش میڈیم کو نذرِ آتش کیے جانے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔‘‘

یاد رہے کہ اس سال مئی کے دوران پنجگور ضلع میں کئی نجی انگلش میڈیم اسکولوں اور لینگویج سینٹرز پر نامعلوم مسلح افراد اور الفرقان الاسلامی کے نام سے معروف ایک تنظیم کی جانب سے حملے کیے گئے تھے، اس تنظیم نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

ان نجی اسکولوں کی انتظامیہ اور مالکان کو اس تنظیم کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنے تعلیمی اداروں میں لڑکیوں کی تعلیم بند کردیں۔

والدین کو بھی دھمکی دی گئی تھی کہ وہ اپنی بیٹیوں کو نجی اسکولوں اور انگلش لینگویج سینٹرز بھیجنا بند کردیں۔

مسلح افراد نے چار اسکولوں پر حملہ کیا تھا اور ان گاڑیوں کو آگ لگادی تھی، جولڑکیوں کو ان اداروں تک لاتی اور لے جاتی تھیں۔

پنجگور ضلع میں تقریباً دو درجن نجی انگلش میڈیم اسکول اور لینگویج سینٹرز تین مہینے تک بند رہے تھے، اور پچھلے مہینے صرف حکومت کی اس یقین دہانی کے بعد انہیں دوبارہ کھولا گیا تھا کہ وہ نجی اسکولوں کی انتظامیہ کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔

پنجگور میں ایک اسکول پر چند دن پہلے نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا تھا۔ تاہم اس اسکول کی انتظامیہ اور پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے ان تعلیمی اداروں کو بند کرنے سے انکار کردیا ہے۔

تربت میں سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ کیچ ضلع میں کسی نجی اسکول کو جلائے جانے کا یہ پہلا واقع ہے۔

ایک اہلکار کا کہنا تھا ’’کیچ ضلع میں تمام نجی اسکولوں کو تحفظ فراہم کرنے لیے ہر ممکنہ اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ اس ضلع میں تقریباً ایک درجن سے زیادہ نجی اسکول ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید بتایا کہ نجی اسکولوں کی ایسوسی ایشن نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے اسکولوں کو بند نہیں کریں گے اور ان عناصر کی سازش کا مقابلہ کریں گے جو یہاں کے لوگوں کو جاہل اور ناخواندہ رکھنا چاہتے ہیں۔

تبصرے (3) بند ہیں

ٰIqbal Jehangir Sep 03, 2014 02:18pm
الجہاد تنظیم کے مذہبی جنونیوں و دہشت گردوں کا سکول پر حملہ کرنا نہایت قبیح اور قابل مذمت کاروائی ہے۔ سکول ایک قومی دولت ہیں جہاں اس ملک کے بچے اور بچیاں زیور تعلیم سے آراستہ ہو کر آئندہ ملک و قوم کی خدمت کر تے ہیں۔ پاکستان میں پہلے ہی ۲۵ ملین بچے اور بچیاں حصول تعلیم کی نعمتوں سے محروم ہیں۔ تعلیم ایک ایسی بنیاد اور ستون ہے جس پر ملک کی سلامتی کا تمام دارومدار و انحصار ہے. پاکستان کے حکام کے مطابق گزشتہ پانچ برس کے دوران پانچ سو کے قریب تعلیمی ادارے شدت پسندی کے کارروائیوں میں تباہ ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے پانچ لاکھ سے زیادہ بچے تعلیم کے حصول سے محروم ہوگئے ہیں . دہشتگردوں کی سکول دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہ ہے۔ قرآنی احکامات کی صریح اور کھلی خلاف ورزی کر کے بھی یہ نام نہاد طالبان و لشکر جھنگوی کے دہشتگرد اسلام اور شریعت کا ڈھول پیٹ رہے ہیں. اُن کی جہالت کا سب سے بڑا شاہکار بچوں کے سکولوں کا نذرِ آتش کرنا اور طالبعلموں کا قتل ہے۔ا ن دہشت گردوں کا سکولوں کی تباہی اور سکول دشمنی کا رویہ بتاتا ہے کہ وہ جاہلان ہیں. سکول دشمنی سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ یہ لوگ اسلام اور پاکستان دونوں کے مخلص نہیں اور نہ ہی ان کو پاکستانی عوام میں دلچسپی ہے بلکہ یہ تو اسلام ،پاکستان اور عوام کے دشمن ہیں کیونکہ یہ ہمیں ترقی کرتے ہوئے دیکھ نہیں سکتے۔ سکولوں کو جلانے اور طالب علموںپر حملوں کے معاملہ میں طالبان کی سرگرمیاں اسلام کے سراسر خلاف ہیں لہذا ہمیں نہیں چاہئے طالبان کا اسلام جس کی تشریح تنگ نظری پر مبنی ہو اور نہ ہی ہم دہشت گردوں کو اس امر کی اجازت دیں گے کہ وہ اپنا تنگ نظری والا اسلام ، پاکستان کی غیر
A.g.Baloch Sep 03, 2014 04:26pm
اب بیچارہ بلوچ ،، ڈاکٹر اور انجینئر بھی نہ بنے
Babur Sep 04, 2014 02:25am
جس گروہ كے اركان اتنا جانتا بھی نہیں ہو كہ قرآن مجید كا پہلا لفظ » اقرأ « ہے ، وہ پڑہائی كے بارے میں كیا جانینگے . یہ لوگ اتنا بھی نہیںجانتے كہ آج كے دور میں قتل و قتال اور زور زبردستی نہیں بلكہ امن اور پڑہائی كی ضرورت ہے . اگر یہ لوگ پاكستان سے پیار كرتے ہیں تو ان كو جاننا چاہیئے كہ اس ملك كا مستقبل پڑہائی سے جڑا ہوا ہے اور صرف تعلیم سے یہ ملك ترقی كرسكتا ہے . جو لوگ اس سكول كو جلا دیے ہیں وہ جاہل ہیں اور باقی ملك كو جاہلیت میں دوبنا چاہتے ہیں