لاہور: پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ایک مقامی عدالت نے گزشتہ روز مختلف علاقوں سے گرفتار کیے جانے والے تحریکِ انصاف کے باون کارکنوں کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق گلبرگ پولیس نے پینتیس، جبکہ قائداعظم اسٹیٹ پولیس نے سترہ کارکنوں کو اتوار کی صبح ماڈل ٹاؤن کچہری میں پیش کیا۔

پولیس نے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزمان کو امن و امان کے خدشے کے پیشِ نظر حراست میں لیا گیا۔

پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ مزید تفتیش کے لیےان کا جوڈیشل ریمانڈ دیا جائے۔

ڈیوٹی مجسٹریٹ میاں اعجاز احمد نے پولیس کی درخواست پر گرفتار کیے گئے باون کارکنوں کو چودہ روزہ ریمانڈ پرجیل بھیجنے کاحکم دےدیا۔

واضح رہے کہ لاہور میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف مختلف علاقوں میں گزشتہ روز کریک ڈاؤن کیا گیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران حراست میں لیے جانے والے کارکنوں کو لاہور کے مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا گیا۔

جن علاقوں میں کریک ڈاؤن کیا گیا ہے ان میں ٹاؤن شپ، نواں کوٹ، لوئر مال، مصطفیٰ آباد اور نیو انارکلی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن کیا جبکہ کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے ایک ماہ سے احتجاج جاری ہے جس میں وہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے استعفی کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ان کے دیگر کئی مطالبات بھی ہیں، پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی جانب سے ہفتے کی شام اسلام آباد میں دھرنے میں کارکنوں سے بڑے پیمانے پر پہنچنے کی اپیل کی گئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں