آئی سی سی کے فیصلے سے وقتی دھچکا لگا، سعید اجمل

15 ستمبر 2014
پاکستانی اسٹار آف اسپنر سعید اجمل—۔فائل فوٹو
پاکستانی اسٹار آف اسپنر سعید اجمل—۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستانی اسٹار آف اسپنر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ انہیں آئی سی سی کی جانب سے پابندی کے فیصلے سے وقتی دھچکا لگا ہے، تاہم انہیں اس سے کوئی پریشانی نہیں ہے ۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کرکٹ اسٹار سعید اجمل نے امید ظاہر کی کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں دوبارہ آئیں گے۔

سعید اجمل کا کہنا تھا کہ جو کچھ میرے ساتھ میرے ساتھ ہوا، مجھے اس کا بہت دکھ ہے، تاہم اب میں اکیڈمی میں نوجوان کرکٹرز کے ساتھ کام کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ثقلین مشتاق کے ساتھ کام کر کے بہت فائدہ ہوگا۔

سعید اجمل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے بھی اچھے بولرز پاکستان میں موجود ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسپورٹس گراؤنڈز کی بحالی سے نوجوانوں کو فائدہ ہوگا۔

یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے 9 ستمبرکو پاکستانی اسٹار آف اسپنر سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیتے ہوئے ان پر پابندی عائد کردی تھی۔

جس کے تحت چھتیس سالہ باؤلر اپنا ایکشن درست کیے بغیر انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل پائیں گے۔


مزید پڑھیں: مشکوک باؤلنگ ایکشن: سعید اجمل پر پابندی


آئی سی سی کا فیصلہ سامنے آنے کے فوراً بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے لاہور میں کہا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔

تاہم بعد میں پی سی بی نے سعید اجمل پر پابندی کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے دوران آفیشلز اور امپائرز نے سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن پر اعتراض کیا تھا۔

جس کے بعد اگست کے آخری ہفتے میں آسٹریلیا میں ان کے باؤلنگ ایکشن کی جانچ پڑتال ہوئی۔

آئی سی سی کی جانب سے 9 ستمبر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اجمل کا باؤلنگ ایکشن عالمی معیار کے مطابق نہیں اور وہ اب انٹرنیشنل کرکٹ میں باؤلنگ نہیں کرسکیں گے۔

سن 2012 میں انگلینڈ کو تاریخی وائٹ واش کے ذریعہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے سعید اجمل نے مجموعی طور پر 35 ٹیسٹ میچوں میں 178 وکٹیں اپنے نام کیں۔

سعید اجمل ایک روزہ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں بھی سرفہرست ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں