کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں دو مسلح گروپس میں تصادم کے نتیجے میں کم سے کم چار افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امیر محمد نے ڈان کو بتایا کہ ضلع نصیرآباد کے علاقے بابا کوٹ میں پانی کے تنازع پر دو مسلح گروپس میں جھڑپ ہوئی جس میں چار افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ فائرنگ کے تبادلہ میں چھ افراد زخمی بھی ہوئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے سے زائد جاری رہا۔

زخمی ہونے والے افراد کو بعد میں نصیرآباد کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے بابا کوٹ کے علاقے میں پولیس کی مزید نفری کو بھی طلب کرلیا گیا۔

ڈی ایس پی پولیس نے اس بات کی تصدیق کہ ہے کہ دونوں گروپس میں پانی کے تنازع پر جھڑپ ہوئی جس کے بعد علاقے میں خوف پھیل گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ'ہم معاملہ کی مزید تفتیش کررہے ہیں'۔

خیال رہے کہ نصیرآباد بلوچستان کا ایک حساس ضلع ہے جہاں اس قبل بھی متعدد بار اس قسم کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں