نیو یارک: امریکا میں کیے جانے والے ایک حالیہ سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ امریکی شہریوں کی تقریباً نصف تعداد نائن الیون حملوں کے بعد سے ملک کوغیر محفوظ سمجھتی ہے۔

یہ سروے این بی سی نیوز اور وال اسٹریٹ جرنل کی جانب سے کیا گیا ہے۔

گزشتہ سال بھی اسی قسم کا ایک پول کیا گیا تھا جس میں 28 فیصد امریکی شہریوں نے اپنے ملک کو غیرمحفوظ قرار دیا تھا۔

عراق سے انخلا کے بعد اس سال امریکی افواج افغانستان سے بھی اپنا انخلا مکمل کریں گی تاہم زیادہ تر امریکیوں کا خیال ہے کہ امریکا کو یہ جنگ جاری رکھنی چاہیے کیونکہ اس کے اختتام سے قومی سلامتی کو خطرہ ہو سکتا ہے۔

اسلامک اسٹیٹ کے جنگجوؤں کی جانب سے دوامریکی صحافیوں کا سر قلم کیے جانے اور رواں ہفتے نائن الیون کے واقعے کی تیرھویں برسی کے بعد امریکیوں کے تحفظات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ امریکی اب اسلامک اسٹیٹ عرف آئی ایس کی جانب سے خوف میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

حالیہ پول سے یہ بھی سامنے آیا کہ ساٹھ فیصد جواب دہندگان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئی ایس کے خلاف ملٹری ایکشن قومی مفاد میں ہے، جبکہ چالیس فیصد کا کہنا تھا کہ آئی ایس کے خلاف امریکی ایکشن صرف فضائی کارروائی تک محدود رہنا چاہیے۔

تاہم چونتیس فیصد افراد ایسے بھی تھے، جن کا خیال تھا کہ اسلامک اسٹیٹ کے خلاف زمینی و فضائی دونوں کارروائیاں کی جانی چاہئیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں