آسٹریلین کوچ اجمل پر پابندی کے حامی

15 ستمبر 2014
آسٹریلین کوچ ڈیرن لیمین۔ فوٹو اے ایف پی
آسٹریلین کوچ ڈیرن لیمین۔ فوٹو اے ایف پی

ایڈیلیڈ: آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کوچ اور سابق کرکٹر ڈیرن لیمین نے آئی سی سی کی جانب سے سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیے جانے کی حمایت کرتے ہوئے اسے کرکٹ کی بہتری سے تعبیر کیا ہے۔

آئی سی سی نے پاکستانی اسپنر کے بائیو میٹرک ٹیسٹ کے بعد گزشتہ ہفتے ان کے باؤلنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا تھا جہاں ان کی تمام گیندوں میں بازو مقررہ کردہ حد سے زیادہ خم کھاتا دکھائی دیا تھا۔

ایک روزہ کرکٹ کے عالمی نمبر ایک باؤلر کے حوالے سے آئی سی سی کی 23 صفحات کی رپورٹ میں کہا گیا کہ برسبین کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہونے والے ٹیسٹ میں اجمل کے بازو میں 40 ڈگری تک خم ریکارڈ کیا گیا جبکہ آئی سی سی کی جانب سے محض 15 ڈگری کی اجازت ہے۔

ایڈیلیڈ ریڈیو اسٹیشن سے گفتگو کرتے ہوئے لیمین نے کہا کہ آئی سی سی کی جانب سے کریک ڈاؤن کی ایک عرصے سے ضرورت تھی۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی نے غیر قانونی باؤلنگ ایکشن کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا جو کھیل کے لیے اچھا ہے۔

’اگر آپ قانون کے اندر رہتے ہوئے باؤلنگ کرتے ہیں تو ٹھیک، اگر نہیں کرتے تو اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے ایسا ہی کرنے کا فیصلہ کیا۔

سابق آسٹریلین کرکٹر نے کہا کہ اس فیصلے سے کوچز، کرکٹرز اور کھیل سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کو یہی سبق ملتا ہے کہ آپ آںے والے وقتوں میں ایسا کرنے کے قابل نہیں ہوں گے، میرے خیال سے یہ کرکٹ کے لیے اچھا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں