شاہد آفریدی ٹی 20 کے کپتان مقرر

اپ ڈیٹ 16 ستمبر 2014
پاکستانی آل رائونڈر شاہد آفریدی— اے ایف پی فوٹو
پاکستانی آل رائونڈر شاہد آفریدی— اے ایف پی فوٹو

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسٹار آل راﺅنڈر شاہد آفریدی کو پاکستان کا نیا ٹی 20 کپتان بنانے کا اعلان کردیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے منگل کو ٹیسٹ اور ون ڈے کے لیے مصباح الحق کو ہی 2015 کے ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھے جانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

پاکستان کی اگلی سیریز جو آسٹریلیا کے خلاف کھیلی جائے گی، اس کے لیے بھی ٹیم کے ناموں کو حتمی شکل آج دی جا رہی ہے۔

باخبر ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے تھنک ٹینک سے مشاورت کے بعد محمد حفیظ کی جگہ شاہد آفریدی ٹی 20 اسکواڈ کا کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔

محمد حفیظ نے بنگلہ دیش میں رواں برس کے شروع میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔

پاکستان نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول سیریز میں تین ٹی 20 میچز کھیلنے ہیں۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے نجم سیٹھی کے سوا گورننگ بورڈ کے تمام اراکین کو بھی اپنے فیصلوں میں اعتماد میں لے لیا ہے، تاہم سابق چیئرمین بورڈ اس وقت ملک سے باہر ہیں۔

گزشتہ چند ماہ کے دوران شاہد آفریدی نے کئی بار میڈیا سے بات چیت کے دوران ایک بار پھر پاکستان کا کپتان بننے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ذرائع نے ڈان کو بتایا" ٹی ٹوئنٹی کپتان کی حیثیت سے شاہد آفریدی مصباح الحق پر دباﺅ ڈال سکتے ہیں، جو کہ پہلے ہی سری لنکا کے خلاف آخری سیریز میں اچھے نتائج نہ دینے پر دباﺅ کا شکار ہیں"۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا"اگر مصباح آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف بھی ناکام ہوئے تو وہ ورلڈکپ سے قبل آفریدی کے ہاتھوں اپنی کپتانی سے ہاتھ بھی دھو سکتے ہیں"۔

شاہد آفریدی کا ون ڈے فارمیٹ کے لیے کپتانی کا ریکارڈ کافی اچھا ہے اور بطور کپتان 34 میچز میں سے وہ قومی ٹیم کو اٹھارہ میں کامیابی دلانے میں کامیاب رہے جبکہ پندرہ میں ناکامی کا سامنا ہے، ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔

تاہم ٹی ٹوئنٹی میچز میں شاہد آفریدی کی کپتانی کا ریکارڈ زیادہ اچھا نہیں، اب تک انہوں نے انیس میچز میں قومی ٹیم کی قیادت کی جس میں سے پاکستان صرف آٹھ ہی جیت سکا جبکہ گیارہ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ ہیڈ کوچ وقار یونس سے ماضی میں شاہد آفریدی کے تعلقات زیادہ خوشگوار نہیں رہے، جبکہ ان سے ابھی تک چیئرمین نے ٹی 20 کپتانی کے حوالے سے مشاورت نہیں کی ہے، سابق فاسٹ بولر پیر کو رات گئے آسٹریلیا سے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ چیئرمین نے پیر کو کرکٹ کمیٹی کے لاہور میں ہونے والے اجلاس میں بھی شرکت کی اور شاہد آفریدی کے بطور کپتان انتخاب پر مشاورت کی۔

بظاہر انتخاب عالم، اقبال قاسم، ہارون رشید اور ذاکر خان سمیت کسی بھی رکن نے اس کی مخالفت نہیں۔

اس کمیٹی کے سربراہ اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر شکیل شیخ ہیں۔


پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی قائد اور کارکردگی


تبصرے (2) بند ہیں

Asif Ali Raza Sep 16, 2014 11:17am
Ab Hr Player Banay Ga Khan.
kamaljamal Sep 16, 2014 01:18pm
It is shame, If you need seniors then please ask Miandad, Inzmam, Wasim to play for Pak. Otherwise there is no place of Misbah, Afridi and Hafeez in the team that they can't perfom in pressure and they are not good leaders. Please check our current captains track record how they perfom especially how they loose their wicket...........shame, shame