لولی وڈ فلم 'نامعلوم افراد' کی ٹیم نے حال ہی میں نیا گیت 'دربدر' کا ایک منٹ طویل پرومو جاری کیا ہے، گانے میں فلم کے ہیرو فہد مصطفیٰ اور ہیروئن عروہ حسین کو کراچی کی مخصوص زندگی کے پس منظر میں دکھایا گیا ہے۔

پہلے مہوش حیات کا آئٹم نمبر سامنے آیا اور اب دوسرا گیت 'دربدر' ریلیز کیا گیا ہے، ہر گیت کی ریلیز کے بعد اس فلم کے لیے فلمی شائقین کی چاہت بڑھتی جا رہی ہے۔

یہ گیت نوجوان گلوکار سارہ رضا خان نے گایا ہے، دھیمے سُروں والے اس گیت میں وہ سب کچھ شامل ہے جو ہم عام طور پر ایک اچھے رومانوی گیت میں دیکھتے ہیں، یعنی یہ ایک بہترین گیت ہے۔

گیت کی دُھن مہارت سے ترتیب دی گئی ہے جسے سن کر دل و دماغ میں پیار و محبت کا احساس جاگ اٹھتا ہے اور یہ کام وکی اور نقاش حیدر نے سرانجام دیا ہے اور گانے کے بول صابر ظفر کے ہیں۔

تاہم گانے میں دکھائے گئے فلمی ستاروں کے مابین ہم آہنگی کا فقدان ہے جو کہ بہت ضروری ہوتی ہے، عروہ اور فہد مصطفیٰ گانے میں کچھ غیر مطمئن سے لگ رہے ہیں، عروہ کا چہرہ تاثرات سے عاری ہے اور فہد بھی پُرکشش دکھائی نہیں دے رہے۔

تاہم مہوش حیات کے ساتھ ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے ان کے آئٹم سونگ 'بلّی' نے میلہ لوٹ لیا ہے اور شائقین کی سب سے زیادہ دلچسپی بھی اسی گیت میں ہے۔

مہوش حیات کے گھاگھرا چولی میں لٹکوں جھٹکوں کی صرف تین سیکنڈ کی جھلک نے ہی پرستاروں کے دلوں پر جیسے بجلی سی گرا دی ہے۔

'نامعلوم افراد' ایک کامیڈی تھرلر فلم ہے، اس کی کہانی تین ایسے مزیدار کرداروں کے گرد گھومتی ہے جو اپنے خوابوں اور ارمانوں کو پورا کرنے کے چکر میں پڑنے کے بعد بالآخر ایسے پھنستے ہیں کہ انہیں اپنی جان کے لالے پڑ جاتے ہیں۔

کہانی میں فلم کے تینوں کردار حادثاتی طور پر ہمارے آس پاس ہوئے روز مرہ کے حالات و واقعات سے جڑے ہیں لیکن ان کی نہایت سادہ زندگی میں یکے بعد دیگرے ایسے ایسے گھماؤ آتے ہیں کہ ان کی زندگی کی کہانی نہایت مزاحیہ بن جاتی ہے۔

لولی وڈ فلم 'نامعلوم افراد' کو اس سال اکتوبر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کیا جا رہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں