آئی سی سی پابندی کے شکار سعید اجمل کی ملک میں ترقی

16 ستمبر 2014
پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل—۔فوٹو اے ایف پی
پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل—۔فوٹو اے ایف پی

اسلام آباد: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پابندی لگا دی تو کیا ہوا، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (زیڈ ٹی بی ایل) نے مشکلات میں گھرے پاکستانی اسٹار آف اسپنر سعید اجمل کو سینئر نائب صدر کے عہدے پر دوہری ترقی دے کر کے ان کی خدمات کا اعتراف کیا ہے۔

اس سے قبل سعید اجمل زرعی ترقیاتی بینک میں اسسٹنٹ نائب صدر کے عہدے پر کام کر رہے تھے، لیکن بینک نے ملک کے لیے ان کی خدمات کے عوض انہیں سینیئر نائب صدر کے عہدے پر فائز کردیا ہے۔

زرعی ترقیاتی بینک کے ترجمان نے ڈان کو بتایا کہ بینک قوانین کے مطابق اسسٹنٹ نائب صدر کو نائب صدر کے عہدے پر ترقی دی جاتی ہے، لیکن یہ کیس اس لحاظ سے اسپیشل ہے کیوںکہ اس میں بینک کے صدر طلعت محمود نے نے عظیم پاکستانی اسپنر کو دوہری ترقی سے نوازا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سعید اجمل پاکستان کا اثاثہ ہیں اور ایک ایسے وقت میں جبکہ انہیں آئی سی سی کی جانب سے پابندیوں کا سامنا ہے، بینک کے اس فیصلے سے ان کا مورال بلند ہوگا۔

زرعی ترقایتی بینک کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ زیڈ بی ٹی ایل سعید اجمل کو ملکی و بین الاقوامی کرکٹ میں ان کی شاندار کارکردگی کی بنا پر سینیئر نائب صدر کے عہدے پر ترقی دے رہا ہے۔

بیان کے مطابق فیصل آباد میں کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے ساتھ ساتھ ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بھی سعید اجمل کی خدمات بے مثال ہیں۔

دوسری جانب عظیم کھلاڑی اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے بھی سعید اجمل کو ترقی دیے جانے پر زرعی ترقیاتی بینک کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تمام بینکوں کو کھلاڑیوں کے ساتھ اسی طرح کا دوستانہ اور ہمدردانہ رویّہ رکھنا چاہیے۔

جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ میں نے سعید اجمل کو باؤلنگ ایکشن درست کرنے کے حوالے سے کچھ اہم ٹپس دی ہیں اور مجھے امید ہے کہ وہ جلد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آئیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں