اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ملک کو خانہ جنگی سے بچانے کے لئے سپریم کورٹ سے کردار ادا کرنے کی اپیل کردی۔

انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ بے جا گرفتاریوں اور ظلم وتشدد کی وجہ سے دھرنے کے شرکاء پولیس سے مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہوگئے ہیں۔

منگل کی صبح خلافِ معمول پی ٹی آئی چیف نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کیا۔

عمران خان نے عدلیہ کے لیے عوام کی قربانیوں کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا 'چیف جسٹس صاحب جمہوریت کو بچائیے'۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سپریم کورٹ کا فرض ہے کہ جمہوریت بچانے کے لیے اپنا آئینی کردار ادا کرے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جمعہ کو عوام کا سمندر دھرنے میں آئے گا اور غیرقانونی طور پر رکھی گئی رکاوٹوں اور کنٹینروں کو بہا لے جائے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم آئین کی خلاف ورزی نہیں کررہے اوراحتجاج ہمارا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک خانہ جنگی کی طرف جارہا ہے اور میرے لیے اپنے لوگوں کو روکنا مشکل ہو گیا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اپنی دولت بچانے کے لیے ملک کو تباہ کر رہے ہیں۔


عمران کا وزیراعظم بننے کا خبط قوم کو بہت مہنگا پڑ رہا ہے، احسن اقبال


دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ و بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان ناکام ہو کر اب سپریم کورٹ کو دھمکیاں دینے پر اتر آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نفرتوں کے بیج ہو رہے ہیں اور ان کا وزیراعظم بننے کا خبط قوم کو بہت مہنگا پڑ رہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ قانون توڑنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں