کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں منگل کی صبح امریکی سفارتخانے کے قریب ہونے والے ایک خودکش حملے میں 3 سیکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ 13 افغان شہری زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق خودکش حملہ آور بارود سے بھری ایک گاڑی میں سوار تھا، جس نے نیٹو کے ایک قافلے کو نشانہ بنایا۔

دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

دھماکے سے آس پاس کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

کابل پولیس کے ترجمان حشمت استانکزئی نے بھی واقعے میں تین ہلاکتوں اور 13 شہریوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے، جبکہ خود کش دھماکے کے نتیجے میں 17 کاروں کو بھی نقصان پہنچا۔

حملے کے بعد قافلے میں شریک فوجیوں نے فوری طور پر پوزیشین سنبھال لیں اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو ہسپتال پہنچانا شروع کردیا۔

کچھ فوجی اپنے زخمی ساتھیوں کو طبی امداد دیتے رہے۔

واقعے کے بعد امریکی سفارتخانے میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔

دوسری جانب طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق طالبان کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ 'ایک طاقتور بم نے فوجی گاڑی کو نقصان پہنچایا، جس کے نتیجے میں متعدد امریکی دہشت گرد ہلاک ہو گئے'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں