اسلام آباد: غصہ سے بھپرے مسافروں کی جانب سے دو سیاست دانوں کو پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے طیارہ سے باہر نکالے جانے کے بعد ملک میں 'وی آئی پی کلچر' کے حوالے سے سنجیدہ بحث نے جنم لیا ہے۔

ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ پیر کی رات پی آئی اے کی کراچی سے اسلام آباد ایک پرواز تکنیکی وجہ سے ڈیڑھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی جس کے بعد دو سیاست دانوں کا طیارہ میں آنے کے لئے مزید 25 منٹ انتظار کیا گیا۔

اس پر طیارہ میں سوار مسافر غصہ میں آ گئے اور انہوں نے معاملات کو اپنے ہاتھوں میں لیتے ہوئے حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز کے اقلیتی ہندو وزیر رمیش کمار وانکوانی کو دیر سے آنے پر طیارہ سے باہر نکال دیا جبکہ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کو اندر آنے سے روک دیا۔

کئی پاکستانیوں نے ٹوئٹر پر اس واقعہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے طاقتور شخصیات کے خلاف عام آدمی کے کھڑے ہونے سے تعبیر کیا۔

ایک صارف فراست محمود نے ٹوئٹر پر لکھا کہ انہیں واقعہ کی وڈیو دیکھ کر خوشی ہوئی۔'آخر کار کوئی تو اٹھا اور سب اس کے ساتھ شامل ہو گئے۔ اپنی آواز اٹھانے والوں کو میں سلام پیش کرتا ہوں'۔

تاہم دوسری جانب کچھ صارفین نے مسافروں کےسخت لب و لہجہ اور تشدد کی دھمکیوں کو تنقید کا بھی نشانہ بنایا۔

وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر شجاعت عظیم نے بتایا کہ واقعہ کے بعد ایئر پورٹ کے دو عہدے داروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔

رحمان ملک نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا کہ انہیں تاخیر نہیں ہو ئی تھی بلکہ دوسرے سیاست دان تاخیر کا سبب بنے۔

'مجھے ن لیگ کے وزیر کے ساتھ کیوں جوڑا جا رہا ہے۔ میں نے وزیر کے ساتھ ہونے والے شور شرابے کی آوازیں سنیں اور طیارہ میں نہ جانے کا فیصلہ کیا'۔


'واقعہ تبدیلی کی علامت'


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے واقعہ کو تبدیلی کی علامت اور قانون کی حکمرانی قرار دیا ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت میں قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان تبدیل ہورہا ہے اور یہ وہی تبدیلی ہے جس کے لیے عمران خان جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس واقعے کو نیا پاکستان قرار دیا اور کہا کہ تبدیلی آنہیں رہی ہے، بلکہ تبدیلی آچکی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

islamabadian Sep 16, 2014 07:37pm
Who is I-K wot is PTI ? we are pakistani and we know wot our rights are dont go for point scoring on ppl courage NONE of PTI worker or PAT worker was in that plane shame on yourthinking .... may be kal tomato key price kam ho jayee to us per be PTI kahay ge kay hum nay tabdeeli laii ha ..... how many PTI workers are working in Flood affected areas ?? i beleave NONE