کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے ) نے کراچی سے اسلام آباد جانے والی فلائیٹ کی روانگی میں تاخیر پر اپنے دو ملازمین کو معطل کردیا ہے۔

پی آئی اے کی فلائیٹ پی کے 370 کو پیر کی شام سات بجے دارلحکومت روانہ ہونا تھا تاہم وہ ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی۔

مسافروں نے اس تاخیر پر احتجاج کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ رحمٰن ملک اور مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کو بھی جہاز سے اترنے پر مجبور کردیا تھا۔

مسافروں نے اس تاخیر کا ذمہ دار دونوں وی آئی پیز قرار دیا تاہم رحمٰن ملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بتایا کہ فلائیٹ میں تاخیر ان کی وجہ سے نہیں ہوئی اور نہ ہی وہ اس کے ذمہ دار ہیں۔

دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان نے بھی منگل کو ایک بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ پی کے 370 کی اسلام آباد روانگی میں تاخیر تکنیکی وجوہات کی بنا پر ہوئی۔

ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور نے ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ فلائیٹ 370 کے شفٹ منیجر ندیم ابڑو اور منیجر ٹرمینل شہزاد علی کو معطل کردیا گیا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

عبدالرشید قاضی Sep 16, 2014 07:34pm
Its good way we pay and other get liberty