اسلام آباد: پاکستان کے عظیم سابق بلے باز جاوید میانداد نے شاہد آفریدی کو نیا ٹی ٹوئنٹی کپتان بننے پر مبارک باد دیتے ہوئے انہیں خبردار کیا ہے کہ وہ اس عہدے کو آسان نہ سمجھیں۔

منگل کو اے پی پی سے گفتگو میں میانداد نے کہا کہ آفریدی کی بٹینگ فارم ٹیم کے لئے بہت اہم ہو گی اور یہ کہ پاکستان ان کی غیر مستقل مزاجی کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا۔

ایک سو چوبیس ٹیسٹ میچ کھیلنے والے میانداد کے مطابق، آفریدی کو اپنی بیٹنگ پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے اسے بہتر بنانا ہو گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 34 سالہ آفریدی کو 2016 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی تک کپتان مقرر کیا ہے۔

پی سی بی کے سابق ڈائریکٹر جنرل میانداد نے بظاہر ون ڈے کی کپتانی کی طرف اشارتاً کہا کہ بورڈ کو فیصلہ کرنے میں جلدی نہیں کرنی چاہیئے۔

'اگر جگہ خالی ہے اور اس پر تقرری کرنا ہے تو اس عہدے کے لئے زیر غور کھلاڑی کو طلب کیا جائے اور ان سے پوچھا جائے کہ وہ کس طرح ٹیم کو بہتر بنائیں گے'۔

میانداد کے مطابق 'تقرریاں خالصتاً کارکردگی کی بنیاد پر ہونی چاہیں'۔

سابق بلے باز نے کہا کہ ون ڈے ٹیم کے موجودہ کپتان مصباح الحق کے لئے بہتر ین راستہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پرفارمنس کے ذریعے تنقید کرنے والوں کو جواب دینا ہے۔

انہوں نے مصباح کو مشورہ دیا کہ وہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں غلطیوں کو نہ دہرائیں۔

میانداد کے خیال میں سعید اجمل کے بغیر پاکستان کا باؤلنگ اٹیک کمزور ہو گا اور اسی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بلے بازوں کا کردار مزید اہم ہو جاتا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اگلے مہینے متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کی 'میزبانی' کرے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں