اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے۔

آج بروز بدھ ہونے والے ہنگامی اجلاس میں عمران خان اور افضل خان کے عائد کردہ الزامات سمیت خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انقعاد اور حلقہ بندیوں سے متعلق قانون میں تبدیلیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

نمائندہ ڈان نیوز علی اکبر کے مطابق قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا۔

آج ہونے والے اجلاس میں الیکشن کمیشن پر عمران خان اور افضل خان کی جانب سے عائد کردہ الزامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عمران خان اور افضل خان کے الزامات پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔

اجلاس میں خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انقعاد اور حلقہ بندیوں سے متعلق قانون میں تبدیلیوں کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ سابق ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن محمد افضل خان نے الزام عائد کیا تھا کہ انتخابات 2013 میں ہونے والی دھاندلی میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی بھی ملؤث ہیں، الیکشن 2013 میں عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور چیف الیکشن کمشنر فخرو الدین جی ابراہیم نے آنکھیں بند کرلی تھیں۔


مزید پڑھیں: دونوں سابق چیف جسٹس دھاندلی میں ملوث،سابق اے ایس الیکشن کمیشن


ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں 35 نہیں سیکڑوں پنکچر لگائے گئے، چوہدری نثار نے بھی ہر حلقے میں ہزاروں ووٹ ناقابل تصدیق قراردیے ہیں۔

واضح رہے کہ محمد افضل خان 2013ء کے عام انتخابات میں ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن تھے جو کہ اب ریٹائر ہو چکے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایڈیشنل سیکریٹری افضل خان کے دھاندلی سے متعلق انکشافات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ افضل خان کے اعتراف کے بعد وزیراعظم نواز شریف مستعفی ہونے کا اعلان کریں جبکہ ان کے مطابق موجودہ صورتحال میں انہیں دوبارہ الیکشن ہوتے نظر آرہے ہیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن میں بہت بڑا فراڈ ہوا جس میں طاقتور لوگ ملؤث تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں