پاکستانی ٹی وی ڈراموں کی بہترین جوڑیاں

پاکستانی ٹی وی ڈراموں کی بہترین جوڑیاں


پاکستانی ڈراموں کو کون پسند نہیں کرتا درحقیقت یہ تو صرف پاکستان نہیں بلکہ ہندوستان اور جہاں بھی اردو بولی جاتی ہے سب کی جان سمجھے جاسکتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ پاکستانی ٹی وی اداکار ہر دلعزیز ہیں۔

مگر مختلف چینلز پر ایک وقت میں متعدد ڈرامے چلتے رہتے ہیں جن میں سے بیشتر کو صرف ان میں کام کرنے والے اہم اداکاروں کی وجہ سے ہی دیکھا جاسکتا ہے، یا پھر یوں کہہ لیں کہ کسی ڈرامے کی مقبولیت اسکرپٹ اور آن اسکرین جوڑے کی وجہ سے ہی ممکن ہوپاتی ہے۔

فلم کے برعکس ٹی وی اسکرین پر کسی جوڑے کی کیمسٹری زیادہ حقیقی لگتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگوں کے دلوں کو وہ زیادہ بھاتی ہے اور وہ انہیں بار بار ایک ساتھ اپنی ٹی وی اسکرینز پر دیکھنا پسند کرتے ہیں، جیسے فواد خان اور ماہرہ خان ڈرامہ سیریل 'ہمسفر' میں آئے تو انہیں بہترین جوڑا قرار دیا گیا اور وہ اب بھی ہر ایک کے دل میں بستے ہیں۔

ہم نے بھی اسی چیز کو دیکھتے ہوئے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے حالیہ برسوں کی بہترین آن اسکرین جوڑیوں کا انتخاب کیا ہے جو یقیناً آپ کے دل کے بھی قریب ہوں گے۔


سویرا ندیم اور نعمان اعجاز


پاکستان کے منجھے ہوئے اداکار نعمان اعجاز جو ہر بار اپنے منفرد کردار سے شائقین کے پسندیدہ ہیرو بن جاتے ہیں ان کی جوڑی سویرا ندیم کے ساتھ ڈرامہ سیریل ‘میرا سائیں’ میں لوگوں کے دلوں کو خوب بھائی، ویسے تو اس ڈرامے میں اور بھی اداکارائیں اپنی اداکاری کے ساتھ انصاف کرتی نظر آئیں مگر بہترین جوڑا یہی ٹھہرا۔


صنم عبداللہ اور فہد مصطفیٰ


فہد مصطفیٰ اور صنم عبداللہ فرحت اللہ ڈرامہ سیریل ‘کنکر’ میں ایک ساتھ نظر آئے، یہ ہم ٹی وی کا بہت مقبول ڈرامہ تھا۔ اگرچہ ڈرامے میں ان دونوں کو شادی کے بعد ایک دوسرے سے الگ ہوتے دکھایا گیا تھا مگر لوگوں کو اسکرپٹ اور اس جوڑے کی آن اسکرین کیمسٹری بہت زیادہ پسند آئی کیونکہ یہ مثالی جوڑی لگتے تھے۔ ایک چیز یہ بھی اہم ہے کہ حقیقی زندگی میں بھی یہ دونوں کزن ہیں اس لیے بھی دونوں کے درمیان تعلق کافی حقیقی محسوس ہوتا تھا۔


فواد خان اور صنم سعید


فواد خان اور صنم سعید ایک ساتھ سپرہٹ ڈرامے 'زندگی گلزار ہے' میں نظر آئے اور ہر ایک نے دونوں کی آن اسکرین کیمسٹری کو سراہا تھا۔ زرون اور کشف کو پاکستان ہندوستان بلکہ متعدد ممالک میں بہت زیادہ شہرت ملی جس نے اسے پاکستانی تاریخ کے بہترین ڈراموں میں سے ایک بنایا دیا۔ یہی وجہ ہے کہ 'ہمسفر اور داستان' جیسے ڈراموں کے بعد بھی فواد خان اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے۔ ڈرامے میں دونوں کی جھڑپیں، ایک دوسرے سے متضاد شخصیات کے باوجود قریب آنے اور محبت کے انداز نے شائقین کا دل جیت لیا تھا۔


عمران عباس اور صنم جنگ


اگر کسی خاتون سے پوچھا جائے کہ صلہ اور عدیل کون تھے؟ تو وہ جھٹ سے بتائے گی یہ دونوں تو ڈرامہ 'دل مضطر' کے ہیرو ہیروئن تھے اور اس سے ہی آپ اس جوڑے کی مقبولیت کا اندازہ کرسکتے۔ ہم ٹی وی کا یہ ڈرامہ صلہ اور عدیل کی پیاری سی محبت کی کہانی کے گرد ہی گھومتا تھا، اور ہر ایک صلہ کے کردار کو پسند کرتا تھا کیونکہ وہ بہت نرم گو اور اچھی شخصیت کی حامل دکھائی گئی تھی۔ درحقیقت عمران عباس اور صنم جنگ نے اس ڈرامے کے لیے حیرت انگیز آن لائن کیمسٹری کا مظاہرہ کیا اور کوئی بھی نہیں کہہ سکتا کہ یہ صنم کا پہلا ڈرامہ تھا بلکہ اسے دیکھنے والا بے ساختہ اس کی تعریف پر مجبور ہو جاتا ہے۔


سجل علی اور شہریار منور


شہریار منور اور سجل علی جیو ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے 'آسمانوں پہ لکھا' میں عالیان اور قدسیہ کے کرداروں میں نظر آئے، اس ڈرامے کی بہت زیادہ مقبولیت اور پرستاروں کی تعداد نے اسے آن اسکرین بہترین جوڑی کا اعزاز دلایا، ہر ایک ڈرامے میں قدسیہ اور عالیان کو پسند کرنے مجبور ہو جاتا تھا، سجل بہت پیاری اور معصوم نظر آئی جبکہ ان کے درمیان تعلق بہت خوبصورت اور پیارا تھا جو اس جوڑے کی کیمسٹری سے زیادہ زبردست ہوگیا۔


مہوش حیات اور احسن خان


جیو پر آنے والا ڈرامہ 'مراة العروس' بہترین کہانی اور اداکاروں کی بہترین اداکاری کے باعث لوگوں میں کافی پسند کیا گیا، جس میں مرکزی کردار دو بہنوں آمنہ شیخ اور مہوش حیات کا تھا، آمنہ اس ڈرامے میں میکال ذوالفقار کے ساتھ تھیں تاہم مہوش حیات اور احسن خان کی جوڑی لوگوں کے دلوں کو زیادہ پسند آئی۔ اس جوڑی کی باہمی کیمسٹری واقعی کمال کی تھی جس کی وجہ سے ان کے کردار حقیقی نظر آنے لگے تھے، جبکہ اس ڈرامے کے ہٹ ہونے کے بعد یہ دونوں کئی دیگر ڈراموں میں بھی اکھٹے نظر آئے۔


ماہرہ خان اور میکال ذوالفقار


ویسے تو ماہرہ خان نے جس کے ساتھ بھی ڈرامے میں کام کیا ان کی کیمسٹری زبردست ہی نظر آئی مگر 'شہر ذات' میں میکال ذوالفقار کے ساتھ ان کی جوڑی واقعی دل میں بس جانے والی تھی، ڈرامے میں دونوں کے درمیان پیار اور نفرت دونوں بالکل حقیقی محسوس ہوتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ یہ حالیہ تاریخ کے کامیاب ترین ڈراموں میں سے ایک ثابت ہوا۔


ماہ نور بلوچ اور فیصل قریشی


اس جوڑی نے ڈرامے 'عشق عبادت' میں لوگوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا تھا، فیصل قریشی اور ماہ نور بلوچ کی 'عشق عبادت' میں دلوں کو چھو لینے والی اداکاری نے پرستاروں پر بہت زیادہ گہرا اثر چھوڑا، جبکہ اس جوڑی کی کیمسٹری ڈرامے میں بہت زبردست نظر آئی، جب ہی یہ ڈرامہ تاحال لوگوں کے ذہنوں میں زندہ ہے۔


عائشہ خان اور ہمایوں سعید


ہمایوں سعید اور عائشہ خان کئی ڈراموں میں اکھٹے نظر آئے مگر ہماری نظر میں ان کی سب سے بہترین ڈرامہ سیریلز 'کافر اور مہندی' ثابت ہوئے، آن اسکرین اس جوڑے کی کیمسٹری اتنی زبردست ہے کہ ان کے پرستاروں نے ان کے درمیان حقیقی محبت کی افواہوں پر بات کرنا شروع کر دی تھی، اور یہ خبریں طویل عرصے تک گرم رہیں، تاہم 2012 میں ڈرامہ 'کافر' کے بعد سے یہ زبردست جوڑی ایک بار پھر اکھٹی نظر نہیں آئی ہے۔


شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف


درحقیقت ان کو دیکھ کر یہی لگتا ہے کہ یہ دونوں بنے ہی ایک دسرے کے لیے ہیں اور ممکنہ طور پر یہ سب سے کم عمر جوڑا ہے جو حقیقی زندگی میں ایک دوسرے کے ساتھ شادی کے رشتے میں بندھ چکا ہے۔ شہروز اور سائرہ نے 'تنہائیاں' کے ریمیک میں اپنی کیمسٹری سے کافی دھوم مچائی، بلکہ بیشتر افراد اس ڈرامے کو دیکھنا ہی شہروز اور سائرہ کی کھٹی میٹھی محبت کی وجہ سے پسند کرتے تھے۔


عدیل حسین اور آمنہ شیخ


عدیل حسین اور آمنہ شیخ کئی ڈراموں میں اکھٹے نظر آئے ہیں تاہم 'مورا پیا' ان کا سب سے بہترین ڈرامہ ثابت ہوا، ان کی رومانوی فیری ٹیل کا زبردست اختتام ڈرامہ ختم ہونے کے بعد بھی کافی عرصے تک لوگوں کے ذہنوں میں نقش رہا اور اس جوڑی کی آن اسکرین کیمسٹری کمال ثابت ہوئی۔


دانش تیمور اور عائزہ خان


عائزہ خان اور دانش تیمور پاکستان ٹی وی انڈسٹری کے مقبول ترین جوڑوں میں سے ایک ہیں اور حقیقی زندگی میں یہ بھی دونوں زندگی بھر کے بندھن میں بند چکے ہیں، یہ جوڑا طویل عرصے سے آف اسکرین ایک دوسرے کے قریب تھا اور یہی وجہ ہے کہ آن اسکرین بھی اپنی بہترین کیمسٹری کی بناء پر لوگوں کے دلوں میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا، خاص طور پر جیو کے ڈرامے 'ساری بھول ہماری تھی' میں یہ دونوں ایک ساتھ بہت زبردست لگے اور اس ڈرامے کو مقبول بنانے میں ان کا سب سے بڑا ہاتھ تھا۔


عثمان خالد بٹ اور مایا علی


عثمان خالد بٹ اور مایا علی نے ٹیلیویژن پر اکھٹے ڈیبیو ڈرامے 'ایک نئی سنڈریلا' کے ذریعے کیا اور پھر وہ دونوں 'عون زارا' میں ایک ساتھ نظر آئے، ان دونوں ڈراموں میں ان کی کیمسٹری بہت حیرت انگیز تھی اور اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ طویل عرصے سے ایک دوسرے کے دوست ہیں، بلکہ ان کے درمیان محبت کی افواہیں بھی کافی گرم رہ چکی ہیں۔ تاہم وہ اس کی تردید کرتے رہے ہیں اور ان خبروں کا ان کی دوستی پر کوئی اثر بھی نہیں پڑا۔


مہرین راحیل اور واسع چوہدری


مہرین راحیل پاکستانی ڈراموں کی ایک خوبصورت اور بہترین اداکار ہیں اور حال ہی میں ختم ہونے والے ڈرامے 'کہانی رائمہ اور مناہل کی' میں وہ واسع چوہدری کے ساتھ نظر آئیں، ان دونوں کی جوڑی حیرت انگیز طور پر ایک دوسرے کے ساتھ بہت اچھی نظر آئی اور ان کی کیمسٹری بھی کمال کی ثابت ہوئی، حالانکہ عام طور پر واسع چوہدری مرکزی کردار میں نظر نہیں آتے مگر مہرین کے ساتھ ان کا یہ ڈرامہ کافی پسند کیا گیا۔