احتجاجی جماعتیں ترقی میں رکاوٹ ہیں، نواز

17 ستمبر 2014
وزیر اعظم نواز شریف۔ فائل فوٹو
وزیر اعظم نواز شریف۔ فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ احتجاجی جماعتیں ملکی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکا رہی ہیں۔

اٹک میں ضلع اٹک کی تحصیل جنڈ کے گاﺅں سگری میں تیل و گیس کے کنویں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ چینی صدر زی جن پیانگ کو بجلی کی پیداوار سمیت کئی معاہدوں پر دستخط کرنے تھے لیکن چند ہزار مظاہرین کے طرز عمل کے باعث ان کا دورہ ملتوی ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی سڑکیں اور راستے صاف کرانا مشکل کام نہیں لیکن حکومت صبرو تحمل سے کام لے رہی ہے، احتجاجی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ بھی اسی جذبے کے تحت مظاہرے کریں اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں کیونکہ پوری قوم ترقی کی خواہشمند ہے۔

واضح رہے کہ چین نے آئندہ سات سالوں میں ملکی انفرا اسٹرکچر اور توانائی کے شعبے کے مختلف منصوبوں میں 32 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنی تھی۔

ملک میں توانائی کے بحران پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایسے منصوبوں کا افتتاح کیا ہے جس سے آئندہ تین سے چار سالوں میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہا ملکی صنعتی شعبے کی ترقی اور غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ضروری ہے۔

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ملک کے اٹھارہ کروڑ عوام نے انہیں وزیراعظم منتخب کیا ہے اور چند ہزار افراد کی خواہش پر استعفیٰ نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم جمہوری سفر پر کاربند رہنے کا پختہ عزم رکھتی ہے لیکن کچھ لوگ منفی سیاست کر رہے ہیں جس سے قومی ترقی کو خطرہ لاحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم ایک طرف اور چند ہزار لوگ دوسری طرف، پوری پارلیمنٹ ایک طرف اور ایک جماعت دوسری طرف ہے، وزیر اعظم نے استفسار کیا کہ محض پانچ ہزار افراد کے مطالبے پر نواز شریف اور شہباز شریف کیوں استعفیٰ دیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عام انتخابات 2013ء کے لئے چیف الیکشن کمشنر کو تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے کے بعد تعینات کیا گیا لہٰذا نتائج کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں