لاہور: پنجاب پولیس نے حیران کن طورپر برطانیہ میں ہونے والی ایک چوری کا مقدمہ پاکستان میں درج کرتے ہوئے ملزمہ کو بھی گرفتار کر لیا۔

ڈان نیوز نے بدھ کو ایک رپورٹ میں بتایا کہ ملزمہ وفا پر مانچسٹر میں ہزاروں پاؤنڈ مالیت جیولری و دیگر اشیاء کی چوری کا الزام ہے اور برطانوی پولیس انہیں تلاش کر رہی ہے۔

مانچسٹر میں پولیس نے اس چوری کی شکایت درج کر رکھی ہے جبکہ اپنی ویب سائٹ پر اشہا ر کے ذریعے لوگوں سے ملزمہ کی گرفتاری میں مدد بھی مانگی ہوئی ہے۔

ڈان نیوز نے سولہ سیکنڈز کی ایک سی سی ٹی وی وڈیو حاصل کی ہے جس میں وقوعہ کے روز مانچسٹر میں وفا کو ایک شاپنگ بیگ ہاتھ میں پکڑے گھر سے باہر جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ واقعہ کے بعد وفا پاکستان آ گئی تھی۔

لاہور پولیس نے اس چوری کا مقدمہ تھانہ گلشن راوی میں درج کرنے کے بعد ملزمہ کوگرفتار کرکے جیل بھجوادیا۔

بعد میں ضمانت پر رہائی پانے والی وفا نے اپنے اوپر الزامات کو مسترد کر دیا۔

مقدمہ کی معلومات ملنے پر انسپکٹر جنرل پنجاب نے تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ برطانیہ میں واقعہ کا پاکستان میں مقدمہ درج نہیں ہو سکتا۔

تبصرے (0) بند ہیں