اسلام آباد: دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نےکہا ہے کہ جینی صدر شی جن پنگ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

جمعرات کو یہاں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ چینی صدر کے دورۂ ہندوستان سے چین اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات پر کسی قسم کا اثر نہیں پڑے گا۔

ترجمان کے مطابق جن پنگ نے وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور داخلہ امور سرتاج عزیز سے پیر کو دوشنبے میں ہونے والے شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن کے اجلاس میں ملاقات کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر ہونے والے شدت پسندوں کے حملے پر افغانستان کی حکومت سے احتجاج کیا ہے۔

تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستانی حکام نے افغانستان سے کہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کا خاتمہ کرے۔

بریفنگ کے دوران ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ قیدیوں کے تبادلہ پر ایک معاہدہ کیا تھا، لیکن 2013ء سے اب تک قیدیوں کا کوئی تبادلہ نہیں ہوا ہے۔

رواں سال ملک میں آنے والے سیلاب پر بات کرتے ہوئے تسنیم اسلم نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ پنجاب اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں امدادی کاموں کے لیے حکومت نے ابھی تک عالمی برداری سے مدد کی اپیل نہیں کی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں