پشاور: آپریشن ضربِ عضب میں پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں کی گئی تازہ فضائی کارروائی میں کم از کم 23 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی پاک فوج کی جانب سے فضائی کارروائی کی گئی تھی جس میں غیر ملکیوں سمیت کم از کم 40 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کو پاک فوج نے شمالی وزیرستان کے علاقوں اسماعیل خیل اور زیروم میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔

پاک فوج کے شعبہِ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی باقاعدہ بیان جاری نہیں کیا گیا جبکہ ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے بھی تصدیق نہیں ہو سکتی کیونکہ قبائلی علاقے تک صحافیوں کی رسائی انتہائی محدود ہے۔

حکومت اور تحریک طالبان پاکستان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج کی جانب سے 15 جون کو آپریشن ضربِ عضب شروع کیا گیا۔

طالبان اور ان کے ازبک اتحادیوں نے کراچی ایئرپورٹ پر حملے کی ذمے داری قبول کی تھی۔

افغانستان کی سرحد سے متصل دہشت گردوں کا گڑھ سمجھنے جانے والے علاقے میں آپریشن شروع کرنے کا مقصد ان کا مکمل طور پر خاتمہ تھا اور آپریشن شروع ہونے کے بعد لاکھوں لوگوں نے شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کی۔

دہشت گردوں کو ایجنسی تک محدود کرنے کے لیے شمالی وزیرستان اور اس کی پڑوسی ایجنسیوں سمیت فاٹا کو فوجی دستوں نے اپنے گھیرے میں لے رکھا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان ایجنسی میں جاری آپریشن ضربِ عضب میں اب تک تقریباً نو سو سے زائد شدت پسند ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ شمالی وزیرستان کے ایک بڑے علاقے کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے خالی کروایا جا چکا ہے۔

آرمی چیف کی انٹر رجمنٹل چیمپیئن شپ میں شرکت

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سپاہیوں کی جسمانی تربیت اور فٹنس کو اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حالت میں جنگ میں یہی تربیت سپاہیوں کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے شنکیاری میں انٹر رجمینٹل چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی جس میں فوج کی مختلف رجمنٹ سے 18 ٹیموں نے حصہ لیا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سپاہیوں اور فوجی جوانوں کی جسمانی فٹس نہایت اہم ہے جو حالت جنگ میں کسی بھی فوج کی کامیابی کیلئے اہم کردار ادا کرتی ہے۔

آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب میں فوج کےغیرمتزلزل عزم کی بھی تعریف کی۔

بعد میں آرمی چیف نے چیمپیئن شپ کے فاتح اور رنراپ کھلاڑیوں میں ٹرافیاں بھی تقسیم کیں۔

تبصرے (0) بند ہیں