مشترکہ مفادات کونسل کااجلاس طلب،چاروں وزرائے اعلی مدعو

اپ ڈیٹ 18 ستمبر 2014
وزیر اعظم ، وفاقی وزیر خزانہ اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ ۔۔۔ فوٹو ۔۔۔ اے پی پی
وزیر اعظم ، وفاقی وزیر خزانہ اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ ۔۔۔ فوٹو ۔۔۔ اے پی پی

اسلام آباد:وزیر اعظم نواز شریف نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 22 ستمبر کو طلب کر لیا جس کے لیے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سمیت چاروں وزرائے اعلی کو مدعو کیا جا رہا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے آئندہ ہفتے 22سمتبر کو مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں مردم شماری کا معاملہ اور صوبوں سے بجلی کے بقایاجات کی وصولی کے طریقہ کار پر کمیٹی کی رپورٹ زیر غور آئے گی۔

اجلاس میں نئی ایل پی جی پالیسی اور پٹرولیم رولز کی سمری بھی منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ خیبر پختونخوا کو دریائے سندھ کے پانی کے استعمال کا معاوضہ دینے کی سمری بھی زیر غور آئے گی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی کو اجلاس میں شرکت کے لیے مدعو کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا (کے پی کے) میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت ہے جو کہ مسلم لیگ(ن) کی وفاقی حکومت کے خلاف احتجاج کر رہی ہے اور وزیر اعظم کا استعفی ان کا اولین مطالبہ ہے جس کی منظوی کے لیے پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں ایک ماہ سے دھرنا دیا ہوا ہے جس میں وزیر اعلی کے پی کے پرویز خٹک بھی شریک ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں